بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

وفاقی وزیر امیر مقام کی جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کو دوبارہ مذاکرات کی دعوت

اسلام آباد(نیوز ڈیسک)وفاقی وزیر برائے امورِ کشمیر، گلگت بلتستان اور سیفران انجینئر امیر مقام نے ایک بار پھر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کو مذاکرات کی میز پر آنے کی دعوت دیتے ہوئے کہا ہے کہ عوامی مسائل کے حل کے لیے مذاکراتی عمل ہی واحد مؤثر اور پائیدار راستہ ہے۔

اسلام آباد میں گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف کی قیادت میں وفاقی حکومت نے آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے عوام کے لیے عملی اقدامات کیے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم کے خصوصی احکامات پر آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں صحت کارڈ پروگرام بحال کر دیا گیا ہے، جس سے عوام کو معیاری طبی سہولیات کی فراہمی ممکن ہو سکے گی۔

انجینئر امیر مقام نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان کی جانب سے تعلیم کے شعبے میں بغیر کسی مطالبے کے بڑے منصوبے شروع کیے گئے ہیں۔ ان کے مطابق آزاد کشمیر میں اس وقت پانچ دانش اسکولز پر کام جاری ہے، جبکہ لیپ ٹاپ اسکیم، تعلیمی اصلاحات اور دیگر ترقیاتی منصوبوں پر بھی عملی پیشرفت ہو رہی ہے۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ آزاد کشمیر کے عوام کو ترجیحی بنیادوں پر سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں اور مذاکرات کے نتیجے میں جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے بیشتر مطالبات پورے کیے جا چکے ہیں۔ تاہم انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ عوامی ایکشن کمیٹی نے دو اہم اجلاسوں میں شرکت نہیں کی۔

انہوں نے جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی سے اپیل کی کہ وہ آئندہ اجلاس میں شریک ہو کر سنجیدہ مذاکرات کا حصہ بنے۔ انجینئر امیر مقام کے مطابق اب تک ہونے والی پیشرفت توقعات سے کہیں زیادہ ہے اور باہمی مشاورت اور تعاون سے ہی آزاد کشمیر کے مسائل کا پائیدار حل ممکن ہے۔

وفاقی وزیر نے واضح کیا کہ وفاقی حکومت آزاد کشمیر کی ترقی اور خوشحالی کے لیے تمام اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لیے تیار ہے اور اس عمل میں مکالمے کو مرکزی حیثیت حاصل ہے۔