پاکستان اور چین کے درمیان سرمایہ کاری کے شعبے میں ایک بڑی پیش رفت سامنے آئی ہے، جس کے تحت چین پاکستان میں آئندہ عرصے میں اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گا۔
وفاقی وزیر سرمایہ کاری قیصر احمد شیخ نےایک نجی میڈیا سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ چین جلد ہی پاکستان میں تقریباً 10 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس وقت عالمی سرمایہ کاروں کی نظریں پاکستان پر جمی ہوئی ہیں اور آنے والے برسوں میں غیرملکی سرمایہ کاری میں نمایاں اضافہ متوقع ہے۔
انہوں نے بتایا کہ پاکستان اور چین کی حکومتوں کے درمیان ڈیڑھ ارب ڈالر کے نئے جوائنٹ وینچر معاہدے طے پا چکے ہیں، جبکہ زراعت، آٹوموٹیو اور معدنیات کے شعبوں میں تقریباً 9 ارب ڈالر مالیت کے نئے مفاہمتی یادداشتوں (MoUs) پر بھی دستخط ہو چکے ہیں۔
وفاقی وزیر کے مطابق حکومتِ پاکستان کی جانب سے 300 کاروباری شخصیات پر مشتمل ایک بڑا تجارتی وفد چین کا دورہ کر چکا ہے، جس کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ریکوڈک منصوبے کے لیے چاغی کو کراچی سے منسلک کرنے کی منصوبہ بندی مکمل کر لی گئی ہے۔ اس منصوبے کے تحت چاغی سے کراچی تک خصوصی ریلوے ٹریک اور نئی شاہراہ تعمیر کی جائے گی۔ اس معاشی راہداری کے لیے تقریباً 70 لاکھ ڈالر عالمی مالیاتی اداروں سے حاصل کیے جائیں گے۔
قیصر احمد شیخ کا کہنا تھا کہ بنیان المرصوص کی کامیابی کے بعد پاکستان کے لڑاکا طیاروں کی عالمی سطح پر مانگ میں اضافہ ہوا ہے اور متعدد ممالک سے ان کی تیاری کے آرڈرز متوقع ہیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ مستقبل میں پاکستان میں براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری کا بڑا حصہ زراعت اور مائننگ سیکٹرز میں آئے گا، جو ملکی معیشت کے لیے ایک خوش آئند پیش رفت ہے۔
چین اور پاکستان کے درمیان اربوں ڈالر کی نئی سرمایہ کاری کے معاہدے








