بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

ڈونلڈ ٹرمپ: حماس کو ہتھیار ڈالنے ہوں گے، ورنہ اس کا خاتمہ ہوگا

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ غزہ میں جاری جنگ ختم ہونے کے قریب ہے اور حماس کو ہتھیار ڈالنے ہوں گے، ورنہ اس کا مکمل خاتمہ ہو جائے گا۔
یہ بیان انہوں نے ڈیووس میں عالمی اقتصادی فورم کے سالانہ اجلاس کے موقع پر بورڈ آف پیس معاہدے پر دستخط کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے دیا۔ ٹرمپ نے کہا کہ مشرق وسطیٰ میں پائیدار امن کے لیے اقدامات جاری ہیں اور امن کوششوں کی کامیابی پر وہ پُرامید ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ غزہ امن بورڈ میں شمولیت کے لیے متعدد ممالک نے دلچسپی ظاہر کی ہے اور وہ اس پر شکر گزار ہیں۔
ٹرمپ نے اپنی تقریر میں کہا:ہم نے ناممکن اور بڑے کام کیے ہیں۔ میں نے دس ماہ کے دوران 8 جنگیں ختم کروائیں، پاکستان اور بھارت کے درمیان ممکنہ جنگ کو روکا، اور کئی دیگر تنازعات کو ختم کروایا جس سے دنیا زیادہ محفوظ ہوئی۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہر ملک بورڈ آف پیس کا حصہ بننا چاہتا ہے اور اقوام متحدہ سمیت دیگر ممالک کے ساتھ تعاون جاری رکھیں گے۔ ٹرمپ نے شام کے صدر سے بات کی اور شام پر عائد پابندیاں ہٹانے کی بھی بات کی۔
امریکی صدر نے ایران کے ساتھ بات چیت کی تیاری کا اعلان بھی کیا اور کہا کہ ایران بات کرنا چاہتا ہے، اور وہ اس پر آمادہ ہیں۔
تقریب میں وزیراعظم شہباز شریف بھی موجود تھے۔ اس موقع پر ارجنٹائن، آرمینیا، آذربائیجان، بلغاریہ، ہنگری، انڈونیشیا، قازقستان، پاکستان، کوسوو، پیراگوئے، قطر، سعودی عرب اور ترکی کے رہنماؤں نے بھی بورڈ آف پیس کے چارٹر پر دستخط کیے۔
ٹرمپ نے دستخط کرنے پر وزیراعظم شہباز شریف کا شکریہ ادا کیا اور بورڈ آف پیس میں سابق برطانوی وزیراعظم ٹونی بلیئر کے اہم کردار کو بھی سراہا۔
یہ اقدام عالمی سطح پر امن قائم رکھنے اور تنازعات کم کرنے کے لیے ایک اہم پیش رفت کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔