سانحہ گل پلازہ میں منہدم ہونے والی عمارت کے ملبے سے برآمد ہونے والے ڈیڑھ کلو سونے سے متعلق اہم تفصیلات سامنے آ گئی ہیں۔
نجی ٹی وی چینل کی رپورٹ کے مطابق آگ لگنے کے بعد منہدم ہونے والی عمارت کا ملبہ ہٹانے کا عمل تاحال جاری ہے۔ سرچ آپریشن کے دوران آج ملبے سے ڈیڑھ کلو سونا برآمد ہوا، جس نے سب کی توجہ اپنی جانب مبذول کر لی۔
ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ سونا اس جگہ سے ملا جہاں پہلے زیورات کی دکان قائم تھی۔ تصدیق کے بعد برآمد ہونے والا سونا دکان کے اصل مالک کے حوالے کر دیا گیا ہے۔
ڈپٹی کمشنر ضلع جنوبی جاوید نبی کھوسو کے مطابق ریسکیو ٹیمیں انتہائی احتیاط کے ساتھ ملبہ ہٹا رہی ہیں تاکہ کسی قیمتی سامان یا ممکنہ انسانی باقیات کو نقصان نہ پہنچے۔ ان کا کہنا ہے کہ ملبے میں اب بھی کئی ایسے حصے موجود ہیں جہاں مکمل رسائی حاصل نہیں ہو سکی۔
ادھر پولیس سرجن ڈاکٹر سمیعہ سید نے بتایا کہ اب تک 71 لاشیں اور انسانی باقیات کے نمونے حاصل کیے جا چکے ہیں، جن میں سے ڈی این اے ٹیسٹنگ کے ذریعے 16 افراد کی شناخت مکمل ہو گئی ہے۔ جلنے کے باعث ڈی این اے ٹیسٹ کا عمل پیچیدہ ہو گیا ہے، جس کی وجہ سے شناخت میں وقت لگ رہا ہے۔
گل پلازہ مینجمنٹ کمیٹی کے صدر تنویر پاستا کے مطابق اس سانحے میں 10 ارب روپے سے زائد کا مالی نقصان ہوا ہے، جبکہ اب بھی چند متاثرین کی لاشیں یا باقیات نہیں مل سکیں۔ ریسکیو 1122 کے مطابق عمارت کا تقریباً 10 سے 15 فیصد حصہ تاحال مکمل طور پر کلیئر نہیں ہو سکا، جہاں سرچ آپریشن آج بھی جاری ہے۔
سانحہ گل پلازہ؛ ملبے سے ملنے والا ڈیڑھ کلو سونا کس کا نکلا؟








