اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ (ایس آئی یو) کی پولیس ٹیم نے بغدادی تھانے پر چھاپہ مار کر شعبۂ تفتیش میں تعینات ایک سب انسپکٹر کو حراست میں لے لیا ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق حراست میں لیے گئے افسر کو ابتدائی کارروائی کے بعد ایس آئی یو کے دفتر، صدر سی آئی اے سینٹر منتقل کر دیا گیا ہے جہاں اس سے تفتیش جاری ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مذکورہ سب انسپکٹر پر لیاری گینگ وار کے وصی اللہ لاکھو اور اس کے ساتھیوں سے مبینہ روابط رکھنے کا الزام ہے۔ پولیس کو شبہ ہے کہ زیرِ حراست افسر بھتہ وصولی کے معاملات میں گینگ وار کے ملزمان کو سہولت فراہم کرتا رہا ہے۔
واقعے کے بعد پولیس محکمے میں ہلچل مچ گئی ہے، جبکہ اعلیٰ حکام کی جانب سے معاملے کی مکمل اور شفاف تحقیقات کی یقین دہانی کرائی گئی ہے۔









