بھارت میں فضائی سلامتی اور ایئرلائنز کی مالی مشکلات ایک سنگین بحران کی عکاس ہیں، جہاں انڈیگو کی ایک پرواز کو صرف پانچ دن کے اندر دوسری مرتبہ بم کی دھمکی موصول ہوئی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق دہلی سے پونے جانے والی یہ پرواز ایئر ٹریفک کنٹرول کی فوری اطلاع پر آئسولیشن بے میں منتقل کی گئی۔ اس سے پہلے بھی اسی ہفتے، انڈیگو کی ایک اور پرواز کو سکیورٹی دھمکی کے بعد لکھنؤ منتقل کیا گیا تھا۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ بار بار ایک ہی روٹس پر دھمکیاں بھارتی فضائی سلامتی میں کمزوری کی نشاندہی کرتی ہیں اور بعض حلقے اسے حکومتی ناکامیوں سے توجہ ہٹانے کی کوشش بھی قرار دے رہے ہیں۔
عالمی جریدے بلومبرگ نے رپورٹ کیا کہ ایئر انڈیا لمیٹڈ کو اس مالی سال میں ریکارڈ خسارے کا سامنا ہے۔ جون میں ہونے والے ڈریم لائنر حادثے میں 240 سے زائد افراد ہلاک ہوئے، جس سے ایئر انڈیا کو تقریباً 1.6 ارب ڈالر کا نقصان برداشت کرنا پڑا۔ مزید خسارہ پاکستان کی جانب سے فضائی حدود کی بندش کے باعث بڑھ گیا، کیونکہ بھارتی ایئرلائنز کو یورپ اور امریکا کے لیے طویل اور مہنگے راستے اختیار کرنا پڑ رہے ہیں۔
بزنس انٹیلیجنس پلیٹ فارم ٹوفلر کے مطابق ایئر انڈیا نے گزشتہ تین سال میں 322.1 ارب روپے کا نقصان اٹھایا، جو بھارتی ایوی ایشن سیکٹر میں بدانتظامی اور سیاسی مداخلت کی عکاسی کرتا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ ایئر انڈیا کے بڑھتے ہوئے خسارے کی وجوہات سیاسی دباؤ، ناقص انتظام اور حفاظتی غفلت ہیں۔ جون میں پیش آنے والا حادثہ بھارتی ایوی ایشن کی تاریخ کی سنگین حفاظتی ناکامیوں میں شمار ہوتا ہے، اور پاکستان کی فضائی حدود کی بندش نے ایئرلائنز کے اخراجات میں مزید اضافہ کر دیا ہے، جبکہ ایوی ایشن سیکٹر پہلے ہی تاخیر، پروازوں کی منسوخی اور انتظامی بحران کا شکار ہے۔
بھارتی ایئرلائنز بحران کا شکار، انڈیگو کی پرواز کو 5 دن میں دوسری بم دھمکی







