یورپ میں انسانی اسمگلنگ میں ملوث افغان شہریوں کے ایک منظم نیٹ ورک کا انکشاف ہوا ہے، جس کے بعد اسکاٹ لینڈ کے شہر گلاسگو سے ایک افغان شہری کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
برطانوی میڈیا کے مطابق برطانوی نیشنل کرائم ایجنسی (این سی اے) نے انسانی اسمگلنگ کے الزامات کے تحت اس شخص کو گرفتار کیا، جس کے بعد گلاسگو اور برمنگھم میں دو مختلف مقامات پر چھاپے مارے گئے۔ ان کارروائیوں کے دوران متعدد اہم دستاویزات اور الیکٹرانک آلات ضبط کیے گئے۔
رپورٹس کے مطابق گرفتار افغان شہری اس نیٹ ورک کا اہم کردار ادا کرتا تھا، جو آئرلینڈ سے برطانیہ تک مہاجرین کی غیر قانونی نقل و حرکت میں ملوث رہا۔ افغان جریدے ہشت صبح نے بھی بتایا کہ یہ نیٹ ورک برطانیہ اور آئرلینڈ کے درمیان انسانی اسمگلنگ اور غیر قانونی مہاجرت کے معاملات میں سرگرم تھا۔
این سی اے نے واضح کیا کہ غیر قانونی نقل و حرکت اور انسانی اسمگلنگ میں ملوث افغان نیٹ ورکس کے خلاف کارروائیاں ان کی ترجیحات میں شامل ہیں۔ اس سے قبل بھی ڈبلن سے گرفتار ہونے والے 26 سالہ افغان شہری پر اسی نوعیت کے الزامات عائد کیے جا چکے ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان، ایران، ترکی اور برطانیہ سمیت کئی ممالک نے انسانی جرائم اور غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث افغان شہریوں کو ملک بدر بھی کیا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ حالیہ گرفتاری سے ایک بار پھر یہ بات سامنے آئی ہے کہ طالبان حکومت انسانی اسمگلنگ اور جرائم کے نیٹ ورکس کو روکنے میں مؤثر کردار ادا کرنے میں ناکام رہی ہے۔
یورپ میں افغان شہریوں کا انسانی اسمگلنگ نیٹ ورک بے نقاب، اسکاٹ لینڈ سے ایک افغان گرفتار







