پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما بابر اعوان نے کہا ہے کہ بانئ پی ٹی آئی کی موجودہ حالت کے بارے میں واضح معلومات نہیں ہیں اور یہ بھی معلوم نہیں کہ ان کا علاج کس آپریشن تھیٹر میں ہوا۔
بیرسٹر گوہر علی خان اور دیگر پارٹی رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس میں بابر اعوان نے مطالبہ کیا کہ بانئ پی ٹی آئی کی بہنوں کو اجازت دی جائے تاکہ وہ اپنے بھائی کو دیکھ سکیں۔
انہوں نے کہا کہ پہلے کہا گیا کہ بانئ پی ٹی آئی صحتمند ہیں، پھر کہا گیا کہ جیل میں ڈاکٹرز کی ٹیم ان کی دیکھ بھال کر رہی ہے، اور بعد میں یہ دعویٰ کیا گیا کہ مسئلہ معمولی تھا اس لیے رات کے وقت انہیں پمز منتقل کیا گیا۔
بابر اعوان نے کہا کہ ہر شہری کی زندگی کا حق ہے اور پی ٹی آئی انصاف کے لیے چیف جسٹس پاکستان کی معاونت کرے گی، اور پارٹی انصاف سے ہٹ کر کسی رعایت کی نہیں مانگ رہی۔ انہوں نے نواز شریف کے کیسز کے حوالے سے بھی کہا کہ تمام قانونی سہولیات فراہم کی گئی تھیں، جبکہ بانئ پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی ضمانتیں تاحال مقرر نہیں ہو سکیں۔
چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا کہ بانئ پی ٹی آئی کی صحت کے بارے میں عوام کو معلومات نہ دینا تشویش ناک ہے، اور نہ صرف ملک بلکہ دنیا بھر میں ان کی حالت پر تشویش کا اظہار کیا جا رہا ہے۔
علی بخاری نے کہا کہ وفاقی وزراء کی جانب سے بانئ پی ٹی آئی کی صحت بالکل درست بتانا جھوٹ ہے، اور انہوں نے مطالبہ کیا کہ ان کی ہر لمحے کی طبی رپورٹ فراہم کی جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ طبی معائنہ کے لیے نئی درخواست بھی دائر کر دی گئی ہے، جبکہ 190 ملین پاؤنڈ اور توشہ خانہ ٹو کیسز تاحال عدالت میں مقرر نہیں ہوئے۔
بابر اعوان: بانئ پی ٹی آئی کے علاج کی تفصیلات حکومت چھپا رہی ہے








