بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

منوڑہ کے قریب ڈوبنے والے چوتھے ماہی گیر کی لاش چرنا آئی لینڈ کے قریب سے برآمد

منوڑہ کے قریب سمندر میں پیش آنے والے افسوسناک حادثے میں ڈوبنے والے چار ماہی گیروں میں سے چوتھے ماہی گیر کی لاش حادثے کے آٹھویں روز برآمد کر لی گئی، جس کے بعد سرچ آپریشن مکمل کر لیا گیا۔
ایدھی فاؤنڈیشن کے بحری رضاکاروں کے مطابق جاری سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن کے دوران چوتھے ماہی گیر کی لاش چرنا آئی لینڈ کے قریب سمندر سے ملی۔ لاش کی برآمدگی کے بعد امدادی سرگرمیاں ختم کر دی گئیں۔
ایدھی حکام نے بتایا کہ حادثے میں جان بحق ہونے والے ماہی گیروں میں 30 سالہ ہارون ولد سلیم، 35 سالہ محمد حسین ولد رحمان، 35 سالہ علاؤالدین ولد امیر اسلام اور 29 سالہ حمید حسین ولد امیر حسین شامل ہیں۔
یاد رہے کہ یہ افسوسناک واقعہ 23 جنوری کو منوڑہ کے قریب پیش آیا تھا، جب ماہی گیروں کی کشتی حادثے کا شکار ہو گئی۔ واقعے کے فوراً بعد ایدھی فاؤنڈیشن کے بحری رضاکاروں نے سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن شروع کیا تھا، جو کئی دنوں تک جاری رہا۔
ایدھی حکام کے مطابق چوتھے ماہی گیر کی لاش کو قانونی کارروائی مکمل کرنے کے بعد ورثا کے حوالے کر دیا جائے گا۔ حادثے نے ساحلی علاقوں میں سوگ کی فضا قائم کر دی ہے اور ماہی گیر برادری میں گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا جا رہا ہے۔