بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

لاہور: ماں اور بیٹی کی ہلاکت کیس میں پولیس انکوائری مکمل، ایس پی سٹی اور ایس ایچ او بھاٹی زین قصور وار قرار

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے حکم پر بھاٹی کے علاقے میں جاں بحق ہونے والی خاتون کے شوہر پر تشدد کے معاملے کی انٹرنل کاؤنٹیبلٹی برانچ نے اپنی انکوائری مکمل کر لی ہے۔
پولیس کے مطابق انکوائری ایڈیشنل آئی جی عمران محمود، ڈی آئی جی ناصر عزیز ورک اور ڈی آئی جی عمران کشور نے کی۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ایس پی سٹی بلال اور ایس ایچ او بھاٹی زین کیس میں قصور وار پائے گئے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق، دونوں افسران نے غلام مرتضیٰ کو تھانے بھاٹی لے جایا اور اس کے ساتھ آنے والے رشتہ داروں سے پوچھ گچھ نہیں کی۔ پولیس نے غلام مرتضیٰ پر ایس ایچ او کے کمرے میں تشدد کیا، جس کا ثبوت کمرے میں نصب کیمروں کی ویڈیو سے بھی مل گیا۔ غلام مرتضیٰ کو تقریباً 5 گھنٹے غیر قانونی حراست میں رکھا گیا۔
انکوائری ٹیم نے غلام مرتضیٰ کا شور کوٹ جا کر بیان بھی ریکارڈ کیا۔ غلام مرتضیٰ نے بتایا کہ پولیس افسران نے اسے بیوی اور بیٹی کے قتل کا الزام قبول کرنے پر دباؤ ڈالا۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ دونوں پولیس افسران نے واقعے کو غیر پیشہ وارانہ طریقے سے ہینڈل کیا۔ ان کے خلاف محکمانہ کارروائی کی سفارش بھی کی گئی ہے اور رپورٹ آئی جی پنجاب کو پیش کی گئی ہے جو وزیراعلیٰ پنجاب کو پیش کریں گے۔
میڈیا پر غلام مرتضیٰ پر تشدد کی خبر نشر ہونے کے بعد ایس ایچ او کو معطل بھی کیا جا چکا ہے۔ پولیس افسران نے وضاحت میں کہا کہ ریسکیو اور دیگر اداروں کی معلومات کے مطابق خاتون کا ڈوبنا ناممکن تھا، اس لیے شبے میں ہم نے غلام مرتضیٰ کو تھانے لے جایا۔