بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

منعم ظفر خان کا سندھ حکومت پر تنقیدی نشانہ: کراچی کے اربوں روپے کے اعلانات صرف کاغذی دعوے ہیں

امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے کہا ہے کہ سندھ حکومت نے کراچی میں ایک “اعلانات کا جمعہ بازار” لگایا ہوا ہے، جہاں سے شہر کے حالات بدلنے کی بجائے صرف کاغذی پیکجز اور دعوے سامنے آ رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ وزیر مرتضیٰ وہاب، شرجیل میمن اور وزیراعلیٰ مراد علی شاہ مسلسل اربوں روپے کے ترقیاتی پیکجز کے اعلان کر رہے ہیں، لیکن عملی طور پر شہر کی بنیادی ضروریات پوری نہیں ہو رہی ہیں۔
منعم ظفر خان نے کہا کہ کراچی میں جاری ترقیاتی منصوبے محض دھوکہ اور فراڈ ہیں۔ مثال کے طور پر 2023 میں شروع ہونے والا کریم آباد انڈر پاس آج تک مکمل نہیں ہوا، جبکہ اسلام آباد میں 72 دن میں تین انڈر پاسز بن چکے ہیں۔ ریڈ لائن منصوبہ انسانی جانوں کے لیے خطرہ بن چکا ہے اور اب تک تین افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مراد علی شاہ اور مرتضیٰ وہاب کو اپنی ناکامی کا اعتراف کرتے ہوئے مستعفیٰ ہو جانا چاہیے۔ سانحہ گل پلازہ کے بعد میئر کو بھی اخلاقی جرات کا مظاہرہ کرتے ہوئے استعفیٰ دینا چاہیے تھا، لیکن ایسا نہیں ہوا۔ دو ہفتے گزرنے کے باوجود گل پلازہ کے شہداء کی باقیات ورثاء کے حوالے نہیں کی گئیں۔ 87 افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کے باوجود صرف 42 افراد کی باقیات ڈی این اے کے ذریعے لواحقین کے حوالے ہو سکیں۔
منعم ظفر خان نے مزید کہا کہ سانحہ گل پلازہ نے پیپلز پارٹی کی 18 سالہ نااہلی، بدانتظامی اور کرپشن کو بے نقاب کر دیا ہے۔ سندھ کے محکمہ فائر بریگیڈ، ریسکیو 1122، سول ڈیفنس اور پی ڈی ایم اے سمیت تمام ادارے بنیادی ضروریات سے محروم ہیں اور شہر کی حفاظت کے لیے تیار نہیں ہیں۔
امیر جماعت اسلامی نے اعلان کیا کہ یکم فروری کو حافظ نعیم الرحمان کی قیادت میں شاہراہ فیصل پر عظیم الشان “جینے دو کراچی مارچ” منعقد کیا جائے گا، جس میں شہریوں کو اپنے حقوق کے لیے باہر نکلنے کی ضرورت ہوگی۔ اس موقع پر جماعت اسلامی آئندہ کے لائحہ عمل کا بھی اعلان کرے گی۔
منعم ظفر خان نے بتایا کہ سٹی کونسل میں موجود تمام سیاسی جماعتوں سے رابطے کیے جا رہے ہیں تاکہ مرتضیٰ وہاب کے خلاف تحریک عدم اعتماد کے لیے حمایت حاصل کی جا سکے۔