اسپین کی پولیس نے بارسلونا کے قریب ایک 38 سالہ چینی شہری کو حماس کو مالی معاونت فراہم کرنے کے شبہے میں گرفتار کر لیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق گرفتار ملزم، جو بارسلونا کے نزدیک ایک حجام کی دکان کا مالک ہے، پر الزام ہے کہ اس نے کرپٹو کرنسی کے ذریعے حماس کو تقریباً 600,000 یورو فراہم کیے۔ تحقیقات کے دوران پولیس نے یہ رقم مبینہ طور پر حماس سے منسلک ڈیجیٹل والٹس کے ذریعے منتقل ہونے کے شواہد حاصل کیے۔
پولیس نے تفتیش کے دوران کم از کم 31 مختلف کرپٹو ٹرانزیکشنز کی نشاندہی کی، جو مشتبہ والٹس سے حماس سے وابستہ ایڈریس پر بھیجی گئی تھیں۔ ملزم کی دکان اور رہائش گاہ سے کرپٹو اثاثے، نقد رقم، زیورات، تقریباً 9,000 سِگارز، کمپیوٹرز اور موبائل فونز بھی برآمد کیے گئے۔
مزید برآں، ملزم کے کچھ بینک اکاؤنٹس اور دیگر اثاثے بھی فریز کر دیے گئے ہیں اور معاملہ قومی عدالت میں بھی دائر کر دیا گیا ہے۔ اسپین کی پولیس نے کہا ہے کہ تحقیقات جاری ہیں تاکہ کسی بھی ممکنہ مالی معاونت کے دائرہ کار کو مکمل طور پر اجاگر کیا جا سکے۔
چینی شہری حماس کو مالی معاونت فراہم کرنے کے الزام میں اسپین میں گرفتار








