بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

جنوبی ایشیا کے جدید ترین سائنس انکلیو کا افتتاح، وزیر اعظم اور وزیراعلیٰ کی شرکت

وزیر اعظم پاکستان محمد شہباز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے جنوبی ایشیا کے سب سے پہلے اور جدید ترین پنجاب سائنس انکلیو یعنی پنجاب ایگریکلچر، فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی (PAFDA) اور اس کی لیبارٹریز کا باقاعدہ افتتاح کر دیا۔
افتتاحی تقریب میں 20 ممالک کے سفارتکاروں نے شرکت کی، جہاں وزیراعظم اور وزیراعلیٰ نے انہیں خوش آمدید کہا۔ اس موقع پر وزیر اعظم نے وزیراعلیٰ مریم نواز کو “فل مارکس” دیتے ہوئے علامتی سلوٹ پیش کیا۔ دونوں رہنماؤں نے PAFDA کے مختلف شعبوں کا دورہ کیا اور ایگریکلچر، فوڈ اور ڈرگ ٹیسٹنگ لیبارٹریز میں جدید ترین آلات کا معائنہ کیا۔
بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ PAFDA میں کام کرنے والے 232 سائنسدانوں میں سے زیادہ تر گولڈ میڈلسٹ ہیں اور 70 فیصد خواتین ہیں۔ یہاں نہ صرف پنجاب بلکہ دیگر صوبوں کے سائنسدان بھی خدمات انجام دے رہے ہیں۔
PAFDA کے قیام سے نہ صرف خوراک، زراعت اور ادویات کے معیار کو یقینی بنایا جا سکے گا بلکہ غیر ملکی لیبارٹریز پر انحصار بھی ختم ہو جائے گا۔ موجودہ دور میں 4.4 ارب روپے کی سرمایہ کاری سے 42 جدید مشینیں لائی گئی ہیں، جبکہ مزید 565 مشینیں جلد دستیاب ہوں گی۔
مزید برآں، محفوظ پنجاب کے تصور کو عملی شکل دینے کے لیے 38 اضلاع میں سٹیلائٹ کرائم سین یونٹس قائم کیے جا رہے ہیں۔ اس کے علاوہ PAFDA میں کاسمیٹکس کے معیار کا تعین بھی ممکن ہو گا، جس سے عوام کو محفوظ اور معیار کے مطابق مصنوعات فراہم کی جا سکیں گی۔
یہ منصوبہ پاکستان میں سائنس، ٹیکنالوجی اور معیار کی ضمانت دینے میں ایک سنگِ میل کا درجہ رکھتا ہے، اور جنوبی ایشیا میں اپنی نوعیت کا سب سے جدید مرکز ہے۔