گھریلو تشدد سے متعلق قانون کی منظوری کے چند روز بعد ہی راولپنڈی کے علاقے ٹیکسلا میں ایک دلخراش واقعہ پیش آیا، جہاں ایک خاتون نے مبینہ طور پر گھریلو تنازع کے دوران اپنے شوہر کو گولی مار کر قتل کر دیا۔
پولیس کے مطابق ملزمہ لاریب نے دو روز قبل گھریلو جھگڑے کے بعد 12 بور رائفل سے فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں اس کا 28 سالہ شوہر جواد حسین موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا۔ واقعے کے بعد خاتون فرار ہو گئی تھی، تاہم پولیس نے جدید ٹیکنیکل اور ہیومن انٹیلیجنس ذرائع کی مدد سے اسے گرفتار کر لیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ مقتول جواد حسین کی شادی ڈیڑھ سال قبل ہوئی تھی۔ مقدمے کے مدعی شبیر حسین کے مطابق میاں بیوی کے درمیان اکثر جھگڑا رہتا تھا اور خاتون شوہر کے ساتھ رہنے پر آمادہ نہیں تھی۔
افسوسناک واقعہ گھریلو تشدد سے متعلق قانون کی منظوری کے تیسرے روز سامنے آیا، جس نے ایک نئی بحث کو جنم دے دیا ہے۔ پولیس کے مطابق گرفتار خاتون کو ٹھوس شواہد کے ساتھ عدالت میں پیش کیا جائے گا اور تفتیش کا عمل جاری ہے۔
گھریلو جھگڑے کا افسوسناک انجام: ٹیکسلا میں بیوی کے ہاتھوں شوہر قتل








