بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

پی آئی اے ریٹائرڈ ملازمین کیلئے نئی مشکل، پینشن کے حصول کے لیے نیا اکاؤنٹ لازمی قرار

پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (پی آئی اے) کے ریٹائرڈ ملازمین کی مشکلات میں ایک بار پھر اضافہ ہو گیا ہے، کیونکہ پینشن کے حصول کے لیے اب انہیں نیا اور الگ بینک اکاؤنٹ کھلوانا ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق پی آئی اے ہولڈنگ کمپنی نے 16 ہزار سے زائد ریٹائرڈ ملازمین کو مطلع کر دیا ہے کہ پینشن کی ادائیگی صرف نئے مخصوص پینشن اکاؤنٹس کے ذریعے ہی کی جائے گی۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ نیا پینشن اکاؤنٹ کھلوانے کے بعد ہی ماہانہ رقم جاری ہو سکے گی۔
اس سے قبل ریٹائرڈ ملازمین کو پینشن ان کے کسی بھی موجودہ بینک اکاؤنٹ میں منتقل کر دی جاتی تھی، تاہم نئے فیصلے کے بعد انہیں اضافی قانونی اور انتظامی مراحل سے گزرنا پڑے گا۔ واضح رہے کہ بیشتر ریٹائرڈ ملازمین کو کم از کم 3 ہزار جبکہ زیادہ سے زیادہ 12 سے 15 ہزار روپے ماہانہ پینشن ملتی ہے۔
صدر پیپلز یونٹی پی آئی اے ہدایت اللہ نے اس فیصلے پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پہلے ادارے کو کوڑیوں کے مول فروخت کیا گیا اور اب ریٹائرڈ ملازمین کو مزید مشکلات میں دھکیلا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ تمام اقدامات نہ آئین کے مطابق ہیں اور نہ ہی قانون کے تحت، جبکہ عدالتی احکامات کو بھی نظر انداز کیا جا رہا ہے۔
ہدایت اللہ نے مزید کہا کہ نئے اکاؤنٹس کھلوانے کی شرط نے بزرگ اور کمزور ریٹائرڈ ملازمین کی پریشانی میں مزید اضافہ کر دیا ہے، جو پہلے ہی مالی مسائل کا شکار ہیں۔