بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

کم بجٹ میں لیاری کا روشن اور مثبت چہرہ دنیا کے سامنے لانے کی کوشش کی ہے: شرجیل انعام میمن

سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ لیاری کو ہمیشہ منفی تناظر میں پیش کیا جاتا رہا ہے، اسی تاثر کو بدلنے اور اس علاقے کا مثبت اور اصل چہرہ دکھانے کے لیے کم بجٹ میں ایک فلم بنائی گئی ہے۔
کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شرجیل انعام میمن کا کہنا تھا کہ پاکستان کو شروع دن سے مختلف مسائل اور چیلنجز کا سامنا رہا ہے اور بدقسمتی سے عالمی سطح پر بھی پاکستان کو تنقید کا نشانہ بنایا جاتا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف ایک طویل اور کٹھن جنگ لڑی ہے، ہماری قیادت کو نشانہ بنایا گیا، اس کے باوجود پاکستان آج ایک مضبوط ایٹمی طاقت کے طور پر کھڑا ہے۔
سینئر وزیر نے زور دیا کہ پاکستان میں سیاحت کے بے پناہ مواقع موجود ہیں جنہیں اجاگر کرنے کی اشد ضرورت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک کی خوبصورتی، ثقافت اور مثبت کہانیاں دنیا تک پہنچانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
شرجیل انعام میمن نے فلم انڈسٹری کو درپیش مسائل پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں سنیما گھروں کا بحران ہے اور اس خلا کو پُر کرنے کے لیے نجی شعبے کو آگے آنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ پر یقین رکھتی ہے اور ہمیں ایسے معیاری منصوبے لانے چاہئیں کہ عالمی او ٹی ٹی پلیٹ فارمز خود انہیں نشر کرنے میں دلچسپی لیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں، ضرورت صرف اس ٹیلنٹ کو سامنے لانے اور صحیح پلیٹ فارم فراہم کرنے کی ہے۔ حکومت کے کئی مثبت منصوبے موجود ہیں جنہیں مؤثر انداز میں پروموٹ کیا جانا چاہیے تاکہ دنیا پاکستان کا اصل اور روشن چہرہ دیکھ سکے۔