بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بسنت کے موقع پر لاہور میں مفت سفری سہولیات کا اعلان

بسنت کی خوشیوں کو دوبالا کرنے کے لیے لاہور میں شہریوں کو مفت سفری سہولیات فراہم کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی نے اس حوالے سے مکمل پلان فائنل کر لیا ہے۔
پلان کے مطابق 6 سے 8 فروری تک میٹرو بس سروس، اورنج لائن میٹرو ٹرین، سپیڈو بسوں اور الیکٹرک بسوں میں شہری بلا معاوضہ سفر کر سکیں گے۔ اورنج لائن میٹرو ٹرین کے ذریعے ڈیرہ گجراں سے علی ٹاؤن تک روزانہ تقریباً 2 لاکھ 70 ہزار مسافروں کو سہولت فراہم کی جائے گی۔
اسی طرح 64 میٹرو بسوں کے ذریعے شاہدرہ سے گجومتہ تک فری سفر کی سہولت میسر ہوگی، جس سے روزانہ تقریباً ڈیڑھ لاکھ مسافر مستفید ہو سکیں گے۔
لاہور کے فیڈر روٹس کے لیے 188 بسیں 21 مختلف روٹس پر چلائی جائیں گی، جبکہ پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کے تحت 40 الیکٹرک بسیں شہر کے دو روٹس پر مفت سفری سہولت فراہم کریں گی۔
اس منصوبے کے تحت روزانہ تقریباً 6 لاکھ مسافروں کو فری ٹرانسپورٹ کی سہولت حاصل ہوگی۔ وزیر ٹرانسپورٹ اینڈ ماس ٹرانزٹ بلال اکبر خان نے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بسنت کے موقع پر شہری بلا کسی فکر کے مفت سفری سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں گے۔