کراچی میں نادرا کی جانب سے ایک شہری کی زندہ بیوی کا ڈیتھ سرٹیفکیٹ جاری ہونے پر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے فوری کارروائی کی۔
ترجمان کے مطابق وزیر داخلہ نے 24 گھنٹے اوپن نادرا سینٹر ڈیفنس کا اچانک دورہ کیا اور وہاں شناختی کارڈز اور دیگر دستاویزات بنوانے آئے شہریوں سے ملاقات کی۔ شہریوں نے دیر سے باری لگنے اور دیگر مسائل کی شکایت کی، جس پر وزیر داخلہ نے انہیں مسئلہ حل کرنے کی یقین دہانی کرائی اور فوری احکامات جاری کیے۔
وزیر داخلہ نے شہری کی شکایت پر فوری نوٹس لیتے ہوئے حکام کو ہدایت کی کہ زندہ خاتون کا غلط جاری شدہ ڈیتھ سرٹیفکیٹ فوراً درست کیا جائے۔ اسی طرح، ایک خاتون کے شناختی کارڈ پر نام کے غلط اندراج کی شکایت پر بھی بغیر اضافی فیس درستگی کی ہدایت دی گئی۔
ترجمان کے مطابق وزیر داخلہ نے مختلف کاؤنٹرز کا دورہ کیا، عملے سے ملاقات کی اور ہدایت دی کہ شہریوں کا کام ایک ہی وزٹ میں مکمل کیا جائے، تاکہ بار بار چکر لگوانے کی ضرورت نہ پڑے۔
یہ اقدام شہری سہولیات میں بہتری اور نادرا کے سسٹم کو زیادہ مؤثر بنانے کی کوشش کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔
کراچی: نادرا کی غفلت پر وزیر داخلہ محسن نقوی نے فوری نوٹس لے لیا








