یوکرین میں ایک تکنیکی خرابی کے باعث بجلی کی فراہمی شدید متاثر ہوئی ہے، جس کے نتیجے میں ملک کے کئی بڑے شہر تاریکی میں ڈوب گئے۔
خبر ایجنسی کے مطابق، یوکرینی وزیر توانائی نے بتایا کہ یوکرین، مالدووا اور رومانیہ کے درمیان ٹرانسمیشن لائن میں خرابی پیدا ہوئی، جس سے ملک بھر میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔ انہوں نے کہا کہ دارالحکومت کیف اور تین دیگر اہم علاقوں میں بجلی کی سروس بند ہو گئی ہے۔
یہ واقعہ ایسے وقت پر ہوا ہے جب روس کے حملوں کی وجہ سے یوکرین کا توانائی کا نظام پہلے ہی کمزور ہے۔ رواں ماہ کے وسط میں روس کی جانب سے کیے گئے حملے میں بجلی کے گھروں کو نشانہ بنایا گیا، جس سے لاکھوں گھر سردیوں میں بجلی سے محروم ہو گئے تھے۔
یوکرینی صدر زیلینسکی نے اس سے قبل کہا تھا کہ کیف کے قریب کئی لاکھ گھرانوں کو توانائی کی فراہمی میں رکاوٹیں پیش آئیں، اور شہریوں کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔









