ہدایتکار ادیتیا دھر کی ایکشن فلم ’دھرندر‘ کے دوسرے حصے کی تیاریاں عروج پر ہیں۔ فلم کے ٹیزر کی ریلیز سے قبل فلم سازوں نے ’دھرندر 2: دی ریونج‘ کی پہلی جھلک جاری کر دی ہے جس میں رنویر سنگھ خون میں لت پت نظر آ رہے ہیں۔
فلم کا ٹیزر آج دوپہر 12 بج کر 12 منٹ پر جاری کیا جائے گا جبکہ متحدہ عرب امارات میں یہ رات 10 بج کر 42 منٹ پر دستیاب ہوگا۔ جاری کیے گئے پوسٹر میں رنویر سنگھ سرخ روشنی میں بارش کے دوران کھڑے دکھائی دیتے ہیں جو خون کی بارش کا تاثر دیتا ہے اور فلم کے پرتشدد اور سنسنی خیز انداز کو نمایاں کرتا ہے۔
رنویر سنگھ نے یہ پوسٹر سوشل میڈیا پر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’اب بگڑنے کا وقت آ گیا ہے دھرندر: دی ریونج۔ ٹیزر آج 12:12 بجے اور فلم 19 مارچ 2026 کو دنیا بھر کے سینما گھروں میں ہندی، تیلگو، تامل، کنڑ اور ملیالم زبانوں میں ریلیز کی جائے گی‘۔
ادیتیا دھر کی ہدایت کاری میں بننے والی اس فلم کو مجموعی اداکاری اور ایکشن مناظر پر سراہا گیا تاہم اس کی سیاسی پیشکش اور حقیقی واقعات کی منتخب عکاسی پر تنقید بھی سامنے آئی تھی۔









