اسلام آباد(نیوزدیسک )وفاقی وزیر برائے امورِ کشمیر، گلگت بلتستان و سیفران انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ یومِ یکجہتیٔ کشمیر کے موقع پر حکومتِ پاکستان اس عزم کا اعادہ کرتی ہے کہ مہاجر ینِ جموں و کشمیر ہمارے دل کے نہایت قریب ہیں اور ان کی تالیفِ قلب، بحالی اور باعزت آبادکاری حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔وفاقی وزیر امورِ کشمیر نے ایک بیان میں کہا کہ اسی سلسلے میں حکومتِ پاکستان کی جانب سے تین ارب روپے کی لاگت سے 750 رہائشی گھروں کی تعمیر پر مشتمل پائلٹ پراجیکٹ پر کام جاری ہے۔ اس منصوبے کے لیے حکومتِ آزاد جموں و کشمیر نے سرکاری زمین مہیا کی ہے، جبکہ جہاں سرکاری زمین محدود ہے وہاں قانونی طریقۂ کار کے تحت بذریعہ ایوارڈ زمین حاصل کی جا رہی ہے۔انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ مزید برآں، یومِ یکجہتیٔ کشمیر کے موقع پر حکومتِ پاکستان نے مہاجرینِ جموں و کشمیر (1989–90) کے لیے فی کس ماہانہ گزارہ الاؤنس پانچ ہزار روپے کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ فیصلہ وزیرِ اعظم پاکستان جناب میاں محمد شہباز شریف کی جانب سے کشمیری عوام کے ساتھ گہری محبت، وابستگی اور غیر متزلزل یکجہتی کا مظہر ہے۔وفاقی وزیر امورِ کشمیر نے کہا ہے کہ حکومتِ پاکستان اس بات پر یقین رکھتی ہے کہ مہاجرینِ جموں و کشمیر کی مکمل بحالی اور آبادکاری صرف ایک سماجی ذمہ داری نہیں بلکہ ایک قومی فریضہ ہے۔ انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ حکومت، کشمیری عوام کے ازلی اور مسلمہ حق , حقِ خودارادیت کے حصول تک، ان کے شانہ بشانہ کھڑی رہے گی اور ہر ممکن سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گی۔انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ پاکستان کشمیریوں کے ساتھ تھا، ہے اور ہمیشہ رہے گا۔









