اسلام آباد:(نیوزڈیسک) 2026 کی پہلی قومی انسدادِ پولیو مہم تیسرے روز بھی ملک بھر میں جاری ہے۔ نیشنل ای او سی کے مطابق چار لاکھ سے زائد پولیو ورکرز گھر گھر جا کر بچوں کو پولیو کے قطرے پلا رہے ہیں۔ یہ مہم پاکستان اور افغانستان میں بیک وقت منعقد کی جا رہی ہے۔
نیشنل ای او سی کے مطابق مہم کے ابتدائی دو روز میں ملک بھر میں 2 کروڑ 68 لاکھ سے زائد بچوں کی ویکسینیشن مکمل کر لی گئی ہے۔ پنجاب میں 1 کروڑ 45 لاکھ سے زائد، سندھ میں 58 لاکھ 83 ہزار سے زائد، خیبر پختونخوا میں 43 لاکھ 20 ہزار سے زائد جبکہ بلوچستان میں تقریباً 12 لاکھ 8 ہزار بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جا چکے ہیں۔
اعداد و شمار کے مطابق اسلام آباد میں تقریباً 2 لاکھ 94 ہزار، گلگت بلتستان میں 1 لاکھ 65 ہزار سے زائد اور آزاد جموں و کشمیر میں 4 لاکھ 46 ہزار بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جا چکے ہیں۔
نیشنل ای او سی کا کہنا ہے کہ پولیو ایک لاعلاج بیماری ہے جو بچوں کو زندگی بھر کے لیے معذور کر سکتی ہے۔ عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ پولیو ورکرز کے لیے اپنے دروازے کھولیں اور اپنے بچوں کو پولیو کے قطرے لازمی پلوائیں۔









