ممبئی (ویب ڈیسک) سابق بھارتی اسپنر روی چندرن ایشون نے آئی سی سی مینز ٹی 20 ورلڈ کپ میں پاکستان کی جیت کے امکانات کو روشن قرار دیا۔
ایشون نے اپنے یوٹیوب چینل پر پاکستان سکواڈ کا تفصیلی جائزہ لیتے ہوئے ٹیم کی طاقت اور کمزوریوں دونوں پر کھل کر بات کی اور کہا کہ ان کی رائے شاید سب کو پسند نہ آئے، مگر وہ اسے خالصتاً کرکٹ کے زاویے سے دیکھ رہے ہیں۔
ان کے مطابق پاکستان کی سب سے بڑی طاقت اس کی اوپننگ جوڑی ہے، جس میں صاحبزادہ فرحان اور صائم ایوب شامل ہوں گے جبکہ بابر اعظم مڈل آرڈر میں بیٹنگ کریں گے، صائم ایوب پاور پلے کے دوران جارحانہ بیٹنگ سے حریف باؤلرز پر دباؤ ڈالنے کی صلاحیت رکھتے ہیں، جو ٹیم کیلئے اہم ثابت ہو سکتی ہے۔
باؤلنگ کے شعبے پر بات کرتے ہوئے ایشون نے شاہین شاہ آفریدی کی پاور پلے میں کارکردگی کو سراہا اور بتایا کہ ان کا اکانومی ریٹ 6.5 رہا ہے، انہوں نے ابرار احمد اور محمد نواز کو بھی مؤثر بولرز قرار دیا، جن میں نواز کنٹرول کے ساتھ باؤلنگ کرتے ہیں جبکہ ابرار اپنی منفرد گیندوں کی وجہ سے بیٹنگ لائن اپ کیلئے خطرہ بن سکتے ہیں۔
تاہم ایشون نے پاکستان ٹیم کی کچھ کمزوریوں کی نشاندہی کرتے ہوئے بتایا کہ بابر اعظم کا مڈل آرڈر میں جانا ایک بڑا امتحان ہوگا، جبکہ نسیم شاہ اور شاہین شاہ آفریدی کی ڈیتھ اوورز میں کارکردگی مکمل طور پر تسلی بخش نہیں رہی۔
انہوں نے شاداب خان کی حالیہ فارم میں کمی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ٹیم کمبی نیشن کے فیصلے بھی نتائج پر اثر ڈال سکتے ہیں، مجموعی طور پر پاکستان کی ٹیم مضبوط ہے اور ابھرتا ہوا ٹیلنٹ اسے خطرناک بناتا ہے، سلمان علی آغا ایسے کھلاڑی ہیں جن کا اکثر ذکر نہیں کیا جاتا، مگر وہ کسی بھی وقت میچ کا رخ موڑ سکتے ہیں۔
واضح رہے کہ آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ 7 فروری سے 8 مارچ تک بھارت اور سری لنکا میں منعقد ہوگا، جبکہ پاکستان ٹورنامنٹ میں اپنا پہلا مقابلہ ہفتے کو نیدرلینڈز کے خلاف کھیلے گا۔









