چکوال کی پولیس نے ایک برس پرانے اندھے قتل کے کیس میں اہم پیش رفت کرتے ہوئے ملزم اسحاق کو گرفتار کر لیا ہے۔ پولیس کے مطابق گرفتار ملزم نے اعترافِ جرم بھی کر لیا ہے، تاہم اس کے وکیل کا کہنا ہے کہ اس واقعے کے عینی شاہد موجود نہیں ہیں۔
یہ معاملہ گزشتہ برس مارچ میں سامنے آیا تھا جب نجی ہاؤسنگ سوسائٹی کے زیرِ تعمیر تالاب میں انسانی اعضا برآمد ہوئے۔ مقتول عمران خان کے بازو پر زخم کے نشان اور انگوٹھی کی مدد سے پولیس نے سراغ لگایا۔ تفتیش کے دوران موبائل ڈیٹا سے اسحاق کے نمبر کا پتہ چلا، جس پر مقتول مسلسل رابطے میں تھا۔
انسپکٹر احمد نواز کے مطابق ملزم نے دورانِ تفتیش بتایا کہ عمران اس کے بھانجے کے قتل کا چشم دید گواہ تھا، جس پر اس نے منصوبہ بندی کر کے عمران کو قتل کیا، جسم کے ٹکڑے تالاب میں پھینکے اور ڈکیتی کا ڈرامہ رچایا تاکہ کسی پر شک نہ جائے۔
ڈی پی او کاشف ذوالفقار کے مطابق پولیس نے تمام شواہد اکٹھے کر کے مقدمہ عدالت میں چالان کر دیا ہے، اور اب عدالتی کارروائی جاری ہے۔
چکوال پولیس نے اندھا قتل حل کر کے ملزم گرفتار کر لیا








