بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

خیبرپختونخوا میں موسلا دھار بارش اور برفباری کی وارننگ

خیبرپختونخوا میں اتوار سے منگل تک مختلف اضلاع میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ صوبائی ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے مطابق ایبٹ آباد، ہری پور، مانسہرہ، سوات، بونیر، چترال اپر و لوئر، دیر اپر و لوئر، ملاکنڈ، بٹگرام، شانگلہ، کوہستان اور کولائی پالس جیسے بالائی اضلاع میں شدید بارش اور برفباری کا امکان ہے۔
صوبے کے میدانی علاقوں جیسے پشاور، مردان، صوابی، نوشہرہ، چارسدہ، باجوڑ، مہمند، خیبر، کرم، اورکزئی، کوہاٹ، ہنگو، کرک، بنوں، شمالی و جنوبی وزیرستان، لکی مروت، ٹانک اور ڈی آئی خان میں بھی وقفے وقفے سے بارش متوقع ہے۔
پی ڈی ایم اے نے ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے اور احتیاطی اقدامات کرنے کی ہدایت کی ہے۔ بالائی علاقوں ناران، کاغان، کالام اور چترال میں سڑکیں بند ہونے اور پھسلن کا خدشہ ہے، اس لیے سیاحوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے اور احتیاط برتنے کی تلقین کی گئی ہے۔
مزید برآں، پی ڈی ایم اے نے شہریوں کو آندھی، گرج چمک اور برفباری کے دوران محفوظ مقامات پر رہنے کی ہدایت کی ہے۔ کسانوں اور مویشی پال حضرات کو بھی اپنی فصلوں اور جانوروں کے تحفظ کے اقدامات کرنے کا کہا گیا ہے جبکہ حساس علاقوں میں ندی نالوں اور برساتی نالوں کی مسلسل نگرانی کرنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔
پی ڈی ایم اے کا ایمرجنسی آپریشن سینٹر فعال ہے اور عوام کسی بھی ہنگامی معلومات یا رہنمائی کے لیے فری ہیلپ لائن 1700 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔