بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

غیر یقینی صورتحال معیشت کی راہ میں رکاوٹ، اسد عمر

سابق وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا ہے کہ ملک کی معیشت اس وقت ترقی نہیں کر سکتی جب حکومت اور اداروں میں غیر یقینی صورتحال برقرار ہو۔ انہوں نے زور دیا کہ توانائی کے شعبے میں کوئی بھی قدم حکومت کی منظوری کے بغیر نہیں اٹھایا جا سکتا، اور گیس و بجلی میں کسی ایک کمپنی یا ادارے کی اجارہ داری معیشت کے لیے نقصان دہ ہے۔
اسد عمر نے کے الیکٹرک کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ اس کی نجکاری 20 سال قبل ہوئی تھی، لیکن اس کے باوجود اربوں روپے کی سبسڈی دی جاتی رہی۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر صنعتی ڈھانچے کو جدید نہیں بنایا گیا تو ملک ترقی نہیں کر سکتا۔
انہوں نے مزید کہا کہ مختلف خیالات رکھنے والے افراد جہاں موجود ہوں، وہاں جمہوری نظام کے بغیر ملک کا نظام قائم نہیں رہ سکتا۔ اسد عمر نے ایکسپورٹ کی اہمیت پر بھی زور دیتے ہوئے کہا کہ صرف گارمنٹس کی مصنوعات برآمد کر کے ملک آگے نہیں بڑھ سکتا، بلکہ پاکستان کو دنیا کی بدلتی ہوئی ضروریات کے مطابق پروڈکشن کی سمت اختیار کرنی ہوگی۔
انہوں نے خبردار کیا کہ 1960 کی صنعتی بنیادوں کے ساتھ 2025 میں ملک کی ترقی ممکن نہیں، اور موجودہ پیداوار دنیا کی طلب کے مطابق نہیں ہے، جس کی وجہ سے معیشت ترقی کی رفتار پکڑ نہیں سکتی۔