بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

پاکستان کے ہیومن اسپیس فلائٹ پروگرام میں اہم پیش رفت، دو امیدوار شارٹ لسٹ

انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) نے ہفتے کے روز بتایا ہے کہ چین کے آسٹروناٹس سینٹر (ACC) نے پاکستان کے ہیومن اسپیس فلائٹ پروگرام کے لیے دو امیدوار شارٹ لسٹ کر لیے ہیں، جو پاکستان کے خلائی سفر کے خواب کی جانب ایک بڑی پیش رفت قرار دی جا رہی ہے۔
یاد رہے کہ فروری 2025 میں پاکستان کی اسپیس اینڈ اپر ایٹموسفیئر ریسرچ کمیشن (سپارکو) اور چائنا مینڈ اسپیس ایجنسی (CMSA) کے درمیان ایک اہم تعاون معاہدہ طے پایا تھا۔ اس معاہدے کے تحت دو پاکستانی شہری چین میں خلاباز کی تربیت حاصل کریں گے، جن میں سے ایک کو چین کے زیرِ انتظام تیانگونگ اسپیس اسٹیشن پر مشن کا حصہ بننے کا موقع دیا جائے گا۔
آئی ایس پی آر کے جاری کردہ بیان کے مطابق سپارکو نے امیدواروں کے انتخاب کے ثانوی مرحلے کی کامیاب تکمیل کے ساتھ ایک اور سنگِ میل عبور کر لیا ہے۔ ابتدائی اسکریننگ پاکستان میں کی گئی، جس کے بعد امیدواروں کو چین کے آسٹروناٹس سینٹر میں بین الاقوامی معیار کے مطابق طبی، نفسیاتی اور صلاحیتی ٹیسٹوں سے گزارا گیا۔
دو طرفہ معاہدے کے مطابق شارٹ لسٹ کیے گئے دونوں امیدوار چھ ماہ کے لیے چین میں ایڈوانسڈ آسٹروناٹ ٹریننگ حاصل کریں گے۔ اس تربیت کی تکمیل کے بعد ایک امیدوار کو اکتوبر یا نومبر 2026 میں تیانگونگ اسپیس اسٹیشن پر جانے والے مشن کے لیے منتخب کیا جائے گا۔
آئی ایس پی آر نے اس تعاون کو فروری 2025 میں طے پانے والے “آسٹروناٹ کوآپریشن ایگریمنٹ” کا نتیجہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ سب وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت، وژن اور بھرپور سرپرستی کے باعث ممکن ہوا، جنہوں نے پاکستان کو انسان بردار خلائی مشن میں شامل کرنے میں کلیدی کردار ادا کیا۔
بیان میں اس امر کو بھی نمایاں کیا گیا کہ چین نے پاکستان کو اپنے خلاباز پروگرام میں پہلا غیر ملکی شراکت دار منتخب کیا، جو دونوں ممالک کے درمیان مضبوط اعتماد اور قریبی تعلقات کا عکاس ہے۔
معاہدے پر دستخط کے موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے کہا تھا کہ پاکستان، چین کے تعاون سے، پہلی مرتبہ اپنے خلاباز کو چین کے اسپیس اسٹیشن پر بھیجے گا۔ بعد ازاں چینی حکام نے بھی تصدیق کی تھی کہ دو پاکستانی خلاباز چین میں تربیت حاصل کریں گے، جن میں سے ایک کو مستقبل کے مشن میں شامل کیا جائے گا۔
چائنا مینڈ اسپیس ایجنسی کے ترجمان لن شی چیانگ کے مطابق منتخب پاکستانی خلاباز تیانگونگ اسٹیشن پر پاکستان کی جانب سے سائنسی تجربات انجام دے گا اور عملے کی معمول کی ذمہ داریاں بھی نبھائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی خلابازوں کا انتخاب بھی اسی تین مرحلوں پر مشتمل عمل کے تحت کیا جا رہا ہے، جو چینی خلابازوں کے لیے رائج ہے۔
واضح رہے کہ 2011 سے چین کو بین الاقوامی اسپیس اسٹیشن میں شرکت کی اجازت نہیں، جب امریکا نے ناسا کو چینی خلائی اداروں کے ساتھ تعاون سے روک دیا تھا۔ اس کے بعد چین نے اپنے خلائی پروگرام کو وسعت دیتے ہوئے پاکستان سمیت دیگر ممالک کے ساتھ شراکت داری کا آغاز کیا، جو اب عملی شکل اختیار کر رہی ہے۔