ورلڈ بینک نے پاکستان کے 10 سالہ ترقیاتی پروگرام کے لیے اپنا بھرپور تعاون دہرا دیا ہے۔
وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے سعودی عرب میں منعقدہ سالانہ الولا کانفرنس برائے ابھرتی ہوئی مارکیٹ اکانومیز کے موقع پر ورلڈ بینک کی منیجنگ ڈائریکٹر اینا بجرڈے سے ملاقات کی، جس میں ابھرتی ہوئی معیشتوں کو درپیش اہم چیلنجز اور مواقع پر تفصیلی بات چیت ہوئی۔
ملاقات کے دوران کنٹری پارٹنرشپ فریم ورک اور پاکستان کی ترقیاتی ترجیحات پر تبادلہ خیال کیا گیا، اور توانائی، تعلیم، صحت، موسمیاتی تبدیلی اور مالیاتی اصلاحات سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کے مواقع پر زور دیا گیا۔
اس موقع پر اینا بجرڈے نے پاکستان کے لیے 20 ارب ڈالر کے 10 سالہ ترقیاتی پروگرام کے حوالے سے ورلڈ بینک کی مکمل حمایت کا اعادہ کیا اور کہا کہ پروگرام کے مثبت اثرات کو زیادہ سے زیادہ کرنے کے لیے مؤثر اور بروقت عمل درآمد انتہائی اہم ہے۔
وفاقی وزیر خزانہ نے بھی ورلڈ بینک کے ساتھ قریبی تعاون کے عزم کا اظہار کیا اور یقین دہانی کرائی کہ متعلقہ وفاقی وزارتیں ہر ممکن تعاون فراہم کریں گی۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ صوبائی حکومتوں کا فعال کردار اور تعاون بہتر کوآرڈینیشن اور بروقت عمل درآمد کے لیے نہایت ضروری ہے۔
ورلڈ بینک کا پاکستان کے 10 سالہ ترقیاتی پروگرام کے لیے مکمل تعاون کا اعادہ








