بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

نااہل مودی کی ناکام پالیسیوں کے باعث بھارتی کسان سراپا احتجاج

نئی دہلی (نیوز ڈیسک)بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی پالیسیوں کے خلاف کسانوں میں شدید بے چینی پائی جا رہی ہے اور مجوزہ بھارت۔امریکہ تجارتی معاہدے پر کسان برادری سراپا احتجاج بن گئی ہے۔ کسان تنظیموں کا کہنا ہے کہ یہ معاہدہ بھارتی زراعت اور ڈیری سیکٹر کے لیے نقصان دہ ثابت ہوگا۔

بھارت کے معروف جریدے دی ٹائمز آف انڈیا نے بھی اپنی رپورٹ میں امریکہ۔بھارت تجارتی ڈیل کے تلخ حقائق سامنے لاتے ہوئے کہا ہے کہ اس معاہدے پر کسانوں میں شدید غم و غصہ پایا جا رہا ہے۔ رپورٹ کے مطابق کسانوں کو خدشہ ہے کہ غیر منصفانہ اور یک طرفہ شرائط کی وجہ سے مقامی زرعی شعبہ مزید دباؤ کا شکار ہو جائے گا۔

کسان یونینز نے کہا ہے کہ یہ تجارتی معاہدہ دراصل امریکہ کے سامنے مودی حکومت کا سرنڈر ہے اور اس سے بھارتی کسانوں کی معاشی حالت مزید کمزور ہو گی۔ یونینز نے مجوزہ ڈیل کے خلاف احتجاج کا اعلان کرتے ہوئے بھارتی وزیر تجارت کے استعفےٰ کا بھی مطالبہ کیا ہے۔

کسان تنظیموں نے خبردار کیا ہے کہ اگر موجودہ نکات پر امریکہ اور بھارت کے درمیان معاہدے پر دستخط کیے گئے تو ملک گیر احتجاج کیا جائے گا۔ ان کا کہنا ہے کہ یہ معاہدہ بڑے کارپوریٹ مفادات کے حق میں جبکہ کسانوں کے خلاف ہے۔

عالمی ماہرین کے مطابق اگر بھارت اور امریکہ کی مجوزہ تجارتی ڈیل موجودہ شرائط پر طے پاتی ہے تو بھارتی کسانوں اور ڈیری سیکٹر کو شدید نقصان پہنچے گا۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ امریکی دباؤ کے آگے جھک کر کیا گیا یہ معاہدہ مودی حکومت کی کمزور اور غیر مؤثر خارجہ پالیسی کو ظاہر کرتا ہے۔

سیاسی مبصرین کے مطابق خارجہ محاذ پر مسلسل مشکلات اور اندرونی سطح پر انتظامی مسائل مودی حکومت کے لیے ایک بڑا چیلنج بنتے جا رہے ہیں، جبکہ کسانوں کا احتجاج اس عدم اطمینان کا واضح اظہار قرار دیا جا رہا ہے۔