بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

اسلام آباد میں تمام آن لائن ٹیکسی سروسز کی باضابطہ رجسٹریشن کا فیصلہ

اسلام آباد(نیوز ڈیسک) اسلام آباد میں اب بغیر رجسٹریشن ٹیکسی اور بائیکیا چلانے والے افراد کے خلاف سخت کارروائی ہوگی۔
ضلعی انتظامیہ اسلام آباد نے تمام آن لائن ٹیکسی سروسز کی باضابطہ رجسٹریشن کا فیصلہ کیا ہے، رجسٹریشن کے تحت تمام ڈرائیورز اور گاڑیوں کی معلومات جمع کی جائیں گی جبکہ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ایسٹ کو تمام ٹیکسی سروسز کے سی ای اوز سے رابطہ کرنے کی ہدایت کی ہے۔

ڈی سی اسلام آباد نے ہدایت کی ہے کہ سیکرٹری اسلام آباد ٹرانسپورٹ اتھارٹی غیر رجسٹرڈ بائیکیا چلانے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن کریں جبکہ تمام غیر رجسٹرڈ چلنے والی گاڑیوں اور بائیکیا کی رجسٹریشن ڈیجیٹل آٹومیشن کے تحت کی جائے گی۔

انہوں نے مزید بتایا کہ رجسٹریشن ایپ پر اسلام آباد پولیس کو بھی تمام ڈیٹا تک رسائی حاصل ہوگی تاہم رجسٹریشن کے بعد ڈرائیور کے لیے مسافروں کی تفصیلات ایپ پر اپلوڈ کرنا بھی لازمی ہوگا۔

مسافر کے شناختی کارڈ نمبر کے اندراج کے بغیر ڈرائیور کو سواری لے جانے کی اجازت نہ ہوگی جبکہ ڈی سی اسلام آباد کی ہدایت پر کل سے باضابطہ رجسٹریشن کا آغاز کیا جائے گا۔