بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

ایاز نیازی کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ سے نکالنے کی درخواست منظور

اسلام آباد(نیوزڈیسک) سپریم کورٹ نے این آئی سی ایل میگا کرپشن اسکینڈل کیس میں سابق ایم ڈی ایاز نیازی کا نام ای سی ایل سے نکالنے کی درخواست منظور کرلی۔
سپریم کورٹ میں سماعت کے دوران ایاز نیازی کے وکیل نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ عدالت عظمیٰ نے ایاز نیازی کا نام 2018ء میں ای سی ایل میں ڈالنے کا حکم دیا تھا، جب تک عدالت اپنا حکم واپس نہیں لے گی نام ای سی ایل میں رہے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ احتساب عدالت نے اُن کے مؤکل کو بری کردیا لیکن اُن کا نام بدستور ای سی ایل میں ہے۔
نیب کے وکیل نے بتایا کہ ملزم کیخلاف 2 ریفرنسز اب بھی زیر التواء ہیں، اس مقدمے میں ملزم کیخلاف اپیل دائر نہیں کی۔
جسٹس جمال خان مندوخیل نے ریمارکس دیئے کہ نیب ایک شخص کو گرفتار کرلیتا ہے، پھر ایک نہ ختم ہونے والا سلسلہ شروع ہوجاتا ہے، ملزم ایک مقدمے میں بری ہو جائے تو دوسرے میں گرفتار ہوجاتا ہے، یہ سلسلہ کب تک چلتا رہے گا۔
عدالت نے ملزم کی درخواست منظور کرتے ہوئے اس کا نام ای سی ایل سے نکالنے کا حکم دیتے ہوئے قرار دیا کہ کسی اور کیس میں نام ای سی ایل میں ہے تو اس کا فیصلہ متعلقہ عدالت کرے گی۔