بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

سینیٹ، کیمل پروجیکٹ، تھر کمیونٹی ایکشن پلان میں اونٹوں پر بحث

 

اسلام آباد(نیوزڈیسک)سینیٹ قائمہ کمیٹی برائے فوڈ سکیورٹی کے اجلاس میں تھر پارکر کے کمیونٹی ایکشن پلان پر بحث کے دوران دلچسپ صورتحال پیدا ہوگئی۔

سینیٹ کی کمیٹی میں کمیونٹی ایکشن پلان فار منیجمنٹ آف سسٹین ایبل ایکوسسٹم لائیوز اینڈ لائیولی ہڈ (CAMELL) پراجیکٹ کو اونٹ سمجھ کر 15 منٹ تک بحث ہوتی رہی، بعد میں پتا چلا کہ یہ تھر پارکر کا کمیونٹی ایکشن پلان ہے۔

چیئرمین قائمہ کمیٹی مسرور احسن نے کمیونٹی ایکشن پلان فار منیجمنٹ آف سسٹین ایبل ایکوسسٹم لائیوز اینڈ لائیولی ہڈ (camell) کو camel یعنی اونٹ سمجھ کر بحث کا آغاز کیا۔

مسرور احسن نے کہا کہ تھرپارکر میں اونٹوں کے تحفظ اور ان کی بہتری کے لیے کیا کام ہورہا ہے؟ آپ وزرات کو سنجیدہ نہیں لے رہے اس لیے آدھی تفصیلات کے ساتھ آجاتے ہیں۔

سینیٹر دنیش کمار نے ان کی بات کاٹتے ہوئے کہا ڈی جی کیا تفصیلات بتائیں گے ان کو تو کیمل کے اسپیلنگ بھی ٹھیک سے نہیں آتے۔

وزیر مملکت ملک رشید نے کہا اونٹوں کی افزائش پر کام ہورہا ہے، اگلے اجلاس میں ساری تفصیلات دیں گے۔ سینیٹر ایمل ولی خان نے کہا 18ویں ترمیم کے بعد ہمیں دیکھنا ہوگا کہ ہمارے پاس اختیارات ہیں بھی کہ نہیں۔

ممبر پاکستان ایگریکلچرل ریسرچ کونسل (پی اے آر سی) نے بتایا کہ سر یہ camell پراجیکٹ ہے اونٹ نہیں ہے۔ چیئرمین کمیٹی نے کہا کہ کیمل تو ایک ہی ہوتا ہے آپ کس کی بات کررہے ہیں۔ ممبر پی اے آر سی نے وضاحت کرتے ہوئے کہا یہ کمیونٹی ایکشن پلان کے حوالے سے پروگرام کا مخفف ہے۔

15 منٹ کی بحث کے بعد صورتحال واضح ہوئی تو کمیٹی ارکان کی ہنسی چھوٹ گئی۔