لاہور( نیوزڈیسک)وزیراعظم اور صدر متحدہ عرب امارات کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ محمد شہباز شریف نے آج ، متحدہ عرب امارات کے صدر اور اور ابوظہبی کے حکمران شیخ محمد بن زاید النہیان سے ٹیلیفون پر گفتگو کی۔خوشگوار اور نہایت گرمجوش ماحول میں ہونے والی اس گفتگو کے دوران دونوں رہنماؤں نے گزشتہ ماہ اسلام آباد اور رحیم یار خان میں ہونے والی اپنی حالیہ ملاقاتوں کا ذکر کیا، جو متحدہ عرب امارات کے صدر کے پاکستان کے پہلے سرکاری دورے کے موقع پر ہوئی تھیں۔وزیراعظم نے مشکل حالات میں پاکستان کی مستقل اور غیر متزلزل حمایت پر متحدہ عرب امارات کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ تعاون دونوں ممالک کی قیادت اور عوام کے درمیان تاریخی اور برادرانہ تعلقات کا مظہر ہے۔دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان باہمی مفاد پر مبنی تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔ دونوں قائدین نے باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر بھی تبادلۂ خیال کیا اور رابطے میں رہنے پر اتفاق کیا۔
شہباز شریف، شیخ محمد بن زاید ٹیلفونک رابطہ ،مالی امداد پر اظہار تشکر








