لاہور(نیوزڈیسک)پاکستان براڈکاسٹرز ایسوسی ایشن (پی بی اے) نے سینئرصحافی خرم اقبال کی مبینہ حراست پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے، جنہیں اطلاعات کے مطابق لاہور میں ایک رہائش گاہ سے سادہ لباس افراد نے اپنی تحویل میں لیا۔ اس بیان کے اجرا کے وقت تک کسی سرکاری ادارے نے ان کی گرفتاری یا حراست کی باضابطہ تصدیق نہیں کی ہے۔پی بی اے کے بیان کے مطابق وہ قانون کے تقاضوں اور شفافیت کے بغیر کسی صحافی کی حراست کی شدید مذمت کرتی ہے۔ایسوسی ایشن حکومتِ پاکستان سے مطالبہ کرتی ہے کہ وہ فوری طور پر متعلقہ حکام کو ہدایت جاری کرے تاکہ ان کی محفوظ اور فوری بازیابی یقینی بنائی جا سکے۔ پی بی اے اس عزم کا اعادہ بھی کرتی ہے کہ صحافیوں اور میڈیا کارکنان کی حفاظت اور سلامتی کو یقینی بنایا جائے تاکہ وہ خوف و ہراس یا دباؤ کے بغیر اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریاں انجام دے سکیں۔









