بنگلا دیش نیشنلسٹ پارٹی (بی این پی) نے بنگلا دیش کے پارلیمانی انتخابات میں کامیابی پر مبارکباد دینے اور نیک تمناؤں کے اظہار پر آصف علی زرداری کا شکریہ ادا کیا ہے۔
ہفتے کے روز سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر جاری اپنے بیان میں بی این پی نے کہا کہ پاکستان کی جانب سے موصول ہونے والا تہنیتی پیغام دونوں ممالک کے درمیان موجود تاریخی اور عوامی روابط کی عکاسی کرتا ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ بنگلا دیش اور پاکستان کے تعلقات ایک مشترکہ تاریخ سے جڑے ہوئے ہیں، جس میں مختلف ادوار میں چیلنجز بھی رہے اور تعاون کے مواقع بھی۔ تاہم دونوں ممالک کے عوام نے ہمیشہ مکالمے، باہمی احترام اور علاقائی روابط کو ترجیح دی ہے۔
بی این پی نے اس امید کا اظہار کیا کہ آنے والے برسوں میں دونوں ملک تعمیری اور مثبت تعلقات کو مزید مضبوط بنائیں گے۔ بیان کے مطابق اقتصادی تعاون میں اضافہ، عوامی سطح پر روابط کا فروغ اور جنوبی ایشیا میں امن و خوشحالی کے لیے مشترکہ کوششیں وقت کی اہم ضرورت ہیں۔
سیاسی مبصرین کے مطابق ایسے سفارتی پیغامات خطے میں اعتماد سازی اور باہمی تعاون کے نئے دروازے کھولنے میں مددگار ثابت ہو سکتے ہیں۔
بی این پی کا تہنیتی پیغام پر صدر آصف علی زرداری سے اظہارِ تشکر








