بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

نامور بھارتی فلم ساز جو سائمن دل کا دورہ پڑنے سے چل بسے

جنوبی بھارت کی کناڈا فلم انڈسٹری کے معروف فلم ساز اور اداکار جو سائمن 80 سال کی عمر میں دنیا سے رخصت ہو گئے۔
بینگلور میں کناڈا فلم چیمبر آف کامرس کی میٹنگ کے دوران جو سائمن اچانک دل کے دورے کا شکار ہو گئے۔ بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق وہ میٹنگ میں شریک تھے، تجاویز دے رہے تھے اور مستقبل کے منصوبوں پر بات کر رہے تھے، حتیٰ کہ انہوں نے ایک جشن منانے کا پروگرام منعقد کرنے کی تجویز بھی پیش کی تھی۔
میٹنگ میں موجود افراد کے مطابق، میٹنگ ہال سے باہر نکلنے کے بعد جو سائمن ایک کرسی پر بیٹھے، اور اچانک گر گئے۔ انہیں فوری طور پر اسپتال پہنچایا گیا، لیکن شام تقریباً 4:30 بجے انہیں مردہ قرار دیا گیا۔
جو سائمن نے اپنی کئی دہائیوں پر محیط فلمی کیریئر میں متعدد مقبول کناڈا فلمیں تخلیق کیں اور ان کی خدمات فلمی دنیا میں یاد رکھی جائیں گی۔ ان کے انتقال پر فلمی دنیا اور سیاسی حلقوں کی جانب سے تعزیتی پیغامات کا سلسلہ جاری ہے، اور شائقین ان کے لیے دلی دکھ کا اظہار کر رہے ہیں۔