بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

چیئرمین پی سی بی محسن نقوی پاک بھارت میچ دیکھنے سری لنکا پہنچ گئے

وفاقی وزیر داخلہ اور چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) محسن نقوی سری لنکا کے دارالحکومت کولمبو پہنچ گئے، جہاں ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔
ایئرپورٹ پر سری لنکا کے نائب وزیر برائے پورٹس و ایوی ایشن جنیتھیا راون کوڈ یتھوواکو نے محسن نقوی کا خیرمقدم کیا، اور اس موقع پر پاکستان کے ہائی کمشنر میجر جنرل (ر) فہیم العزیز بھی موجود تھے۔
کولمبو آمد کے بعد محسن نقوی اور سری لنکن وزیر کے درمیان ملاقات ہوئی، جس میں دونوں فریقین نے باہمی دلچسپی کے امور اور کرکٹ کے شعبے میں تعاون پر بات چیت کی۔ سری لنکن وزیر نے محسن نقوی کو ویلکم کرتے ہوئے کہا: “آپ کی سری لنکا آمد ہمارے لیے باعثِ مسرت ہے۔”
چیئرمین پی سی بی نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان سری لنکا کے ساتھ بہترین تعلقات کو اہمیت دیتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پاکستان اپنے تمام میچز سری لنکا میں کھیل رہا ہے اور ہم اپنے میزبان کی عزت و احترام کو اولین ترجیح دیتے ہیں۔
محسن نقوی کے ہمراہ چیف آپریٹنگ آفیسر پی سی بی سمیر احمد، چیف ایگزیکٹو آفیسر پی ایس ایل سلمان نصیر، اور ڈائریکٹر میڈیا پی سی بی عامر میر بھی کولمبو پہنچے ہیں۔ یہ دورہ دونوں ممالک کے درمیان کھیلوں کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے حوالے سے اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔