حکومت نے سابق وزیراعظم عمران خان کی صحت کے پیش نظر ایک میڈیکل بورڈ تشکیل دینے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ ان کے علاج اور طبی معائنے کے عمل کو باضابطہ اور شفاف بنایا جا سکے۔
نجی میڈیا رپورٹس کے مطابق وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور اور مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما طارق فضل چوہدری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اس فیصلے سے آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ عمران خان کو اپنے بیٹوں سے فون پر بات کرنے کی سہولت فراہم کر دی گئی ہے۔ ساتھ ہی ان کی صحت کو مدنظر رکھتے ہوئے انہیں اسپتال منتقل کرنے اور ماہر ڈاکٹروں پر مشتمل میڈیکل بورڈ بنانے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔
طارق فضل چوہدری کا کہنا تھا کہ حکومت انسانی ہمدردی اور قانونی تقاضوں کو ترجیح دیتی ہے اور ہر قیدی کو قانون کے مطابق سہولیات فراہم کرنا ریاست کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ صحت جیسے حساس معاملے پر سیاست نہیں ہونی چاہیے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت اپنی آئینی اور قانونی ذمہ داریاں ادا کر رہی ہے، اس معاملے میں سیاسی بیان بازی کے بجائے سنجیدگی اور برداشت کا مظاہرہ کرنا ضروری ہے۔
حکومت کا عمران خان کے علاج کے لیے میڈیکل بورڈ تشکیل دینے کا فیصلہ








