بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

حامد انصاری ہی نہیں منموہن اور سلمان خورشید سے بھی مل چکا، نصرت مرزا

لاہور(نیوز ڈیسک)بھارتی سیاست کو ہلا کر رکھ دینے والے پاکستانی کالم نگار اور صحافی نصرت مرزا نے کہا ہے کہ بھارتی حکومت سابق نائب صدر حامد انصاری کو مسلمان ہونے کی سزا دینا چاہتی ہے۔ جنگ کے ساتھ ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ وہ حامد انصاری سے ہی نہیں بلکہ سابق وزیر اعظم ڈاکٹر من موہن سنگھ اور وزیر خارجہ سلمان خورشید سے بھی مل چکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نئی دہلی سے جو دستاویزات وہ پاکستان لائے اور سابق وزیر خارجہ خورشید قصوری کو دیئے وہ اس وقت انتہائی اہمیت کے حامل تھے اور کانفرنس میں تمام شرکا کو منتظمین کی جانب سے دیئے گئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی میڈیا ان کے بھارتی صحافی کے ساتھ انٹرویو کو توڑ مروڑ کر پیش کر رہا ہے جس کا مقصد بھارت کی موجودہ حکومت کو سیاسی فائدہ پہنچانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حامد انصاری نے انہیں کبھی دورہ بھارت کی دعوت نہیں دی

بلکہ ان سے ملاقات بھی کانفرنس کے شرکا کے ساتھ ہوئی تھی۔ نصرت مرزا نے کہا کہ خورشید محمود قصوری کو دستاویز فراہم کرنے کا مطلب یہ نہیں کہ وہ انٹیلی جنس اداروں کے لئے کام کرتے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جنرل حمید گل، جنرل اسلم بیگ، جنرل آصف نواز، جنرل احسان الحق، جنرل پرویز مشرف، جنرل فیض حمید سے ان کی گہری دوستی رہی ہے۔ ایک سوال کے جواب میں نصرت مرزا نے کہا کہ بھارتی ہائی کمیشن اسلام آباد نے وزیرخارجہ خورشید قصوری کی سفارش ماننے سے انکار کردیا اور ان کی ویزے کی درخواست مسترد کردی جس کے بعد وزیر خارجہ نے بھارت کے تمام ویزے روکنے کے احکامات جاری کر دیئے۔