بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

راجپال یادیو ضمانت کے بعد فلموں میں کام مانگنے لگے

بھارتی مزاحیہ فلمی اداکار راجپال یادیو نے دہلی ہائی کورٹ کی طرف سے 30 دن کی عارضی ضمانت ملنے کے بعد فلم سازوں سے کام کے مواقع کی درخواست کر دی۔

اداکار نے درخواست کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر مجھے مضبوط کردار دیے جائیں تو میں کسی بھی فیس پر کام کرنے کے لیے تیار ہوں۔

راجپال یادیو نے رہا ہونے کے بعد بھارتی ٹی وی سے گفتگو میں اپنے شائقین کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ مختلف نسلوں کی عوامی محبت نے میرے کیریئر کو برقرار رکھا ہے۔

انہوں نے فلمی صنعت کے ساتھیوں سے درخواست کی کہ مجھے دوبارہ کام دینے پر غور کریں، میں پیشکش کے مطابق باہمی شرائط پر کام کرنے کے لیے تیار ہوں۔

واضح رہے کہ عدالت نے اداکار کو قرض کی ادائیگی سے متعلق پرانے چیک باؤنس کیس میں عارضی ریلیف دیا ہے۔

یہ کیس 2010ء میں اداکار کی فلم اتا پتہ لاپتہ کی پروڈکشن کے لیے لیے گئے 5 کروڑ روپے کے قرض سے متعلق ہے، یہ فلم تجارتی لحاظ سے ناکام رہی تھی۔

عدالت کے ریکارڈ کے مطابق اداکار قرض کی مقررہ تاریخ تک ادائیگی نہ کر سکے اور قرض دہندہ کو جاری کیے گئے چیکس ریجیکٹ ہو گئے، بعد میں ادائیگی کے لیے کوششیں کی گئیں مگر سود کے ساتھ بقایا جات رہ گئے۔

راجپال یادیو کو 2018ء میں کرکردوما ٹرائل کورٹ نے 6 ماہ کی سزا سنائی تھی، جس کے بعد انہوں نے ہائی کورٹ میں اپیل دائر کی اور کئی مواقع پر ادائیگی کی یقین دہانی کے بعد ریلیف حاصل کیا۔

رواں ماہ کے شروع میں عدالت نے پچھلے ریلیف کو بڑھانے سے انکار کر دیا تھا اور انہیں پیش ہو کر گرفتاری دینے کا حکم دیا تھا، جس پر انہو نے اگلے دن گرفتاری دے دی تھی۔

اب عارضی ضمانت کے بعد عدالت نے راجپال یادیو کو عارضی طور پر رہائی دی ہے۔