بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

آج بھی کم عمری میں شادی کے فیصلے پر افسوس ہے: نازلی نصر

پاکستانی شوبز انڈسٹری سے وابستہ معروف سینئر اداکارہ نازلی نصر نے کم عمری میں شادی کو اپنی زندگی کا سب سے بڑا پچھتاوا قرار دے دیا۔

حال ہی میں نازلی نصر نجی ٹی وی چینل کے ایک پروگرام میں بطور مہمان شریک ہوئیں، جہاں انہوں نے اپنی ذاتی زندگی، کیریئر، محبت اور وفاداری پر کھل کر گفتگو کی۔

ان کا کہنا ہے کہ پہلی شادی کے تلخ تجربے کے بعد میری دوسری شادی نے مجھے یہ سکھایا کہ دنیا میں آج بھی سچی محبت اور وفاداری موجود ہے۔

اداکارہ نے کہا کہ موجودہ شوہر محسن طلعت کی زندگی میں آمد نے مجھے محبت پر دوبارہ یقین دلایا۔

گفتگو کے دوران اداکارہ نے اپنی زندگی کے سب سے بڑے پچھتاوے کا بھی تذکرہ کیا اور کہا کہ کم عمری میں شادی کا فیصلہ درست نہیں تھا اور میں آج بھی اپنے اس فیصلے پر افسوس کرتی ہوں۔

نازلی نصر نے کہا کہ اگر مجھے آج کے شعور کے ساتھ ماضی میں واپس جانے کا موقع ملے تو میں کبھی اتنی جلدی شادی نہ کروں۔

ان کے خیال میں خواتین کو 28 یا 29 برس کی عمر میں شادی کا فیصلہ کرنا چاہیے اور یہی وہ بات ہے جس پر انہیں سب سے زیادہ ندامت ہے۔

واضح رہے کہ نازلی نصر نے پی ٹی وی سے کم عمری میں اپنے کیریئر کا آغاز کیا، انہیں ڈرامہ سیریل دھواں سے غیر معمولی شہرت ملی، جس کے بعد وہ راتوں رات سُپر اسٹار بن گئیں اور لاکھوں مداحوں کے دل جیت لیے۔

کیریئر کے عروج پر انہوں نے شوبز کو خیرباد کہہ کر شادی کا فیصلہ کیا، جس کے بعد طویل عرصے تک اسکرین سے غائب رہیں۔

اب انہوں نے دوبارہ انڈسٹری میں واپسی کی ہے اور ایک بار پھر ناظرین کی توجہ حاصل کر رہی ہیں۔