بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

غزہ میں اسرائیلی غیر قانونی اقدامات انتہائی تشویشناک، پاکستان

 

نیویارک:(ویب ڈیسک )نائب وزیراعظم محمد اسحاق ڈار نے کہا ہےکہ پاکستان غزہ میں مستقل جنگ بندی اور منصفانہ حل کے لیے سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔سلامتی کونسل میں مشرق وسطیٰ اور فلسطین کی صورت حال کے حوالےسے اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے نائب وزیراعظم نے کہاکہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی قیادت میں امن کوششوں کی قدر کرتے ہیں۔

نیویارک میں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے نائب وزیراعظم محمد اسحاق ڈار نے کہاکہ اسرائیل کی جانب سے مقبوضہ مغربی کنارے میں غیر قانونی اقدامات انتہائی تشویشناک ہیں۔غزہ میں جنگ بندی کی خلاف ورزیوں سے ہزاروں فلسطینی ہلاک اور زخمی ہو چکے ہیں۔یہ غیر قانونی اقدامات سلامتی کونسل کی قراردادوں،بین الاقوامی قوانین اور انسانی حقوق کی صریحاًخلاف ورزی ہیں۔

محمد اسحاق ڈارنے کہاکہ پاکستان غزہ میں مستقل جنگ بندی اور منصفانہ حل کے لیے سفارتی کوششوں میں مصروف ہے۔پاکستان آٹھ عرب و اسلامی ممالک کے گروپ کے ساتھ قریبی تعاون کر رہا ہے۔امریکی صدر ٹرمپ کی قیادت میں امن کوششوں کی قدر کرتے ہیں۔

نائب وزیراعظم محمد اسحاق ڈار نے زور دیا کہ غزہ کی بحالی اور تعمیر نو سمیت بلا تعطل انسانی امداد فراہم کی جائے۔انہوں نےکہاکہ پاکستان بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کے چارٹر پر مبنی مستقل سفارتی کوششوں میں یقین رکھتا ہے۔ یہ اقدامات غزہ میں منصفانہ، دیرپا اور جامع امن کے حصول کی راہ ہموار کریں گے۔