اسلام آباد(نیوزڈیسک)وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں اہم معاشی فیصلے کیے گئے۔
اجلاس میں اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے وزیراعظم کے رمضان ریلیف پیکج کی منظوری دے دی اور فوری طور پر 19 ارب روپے جاری کرنے کی ہدایت کر دی۔
وزارت خزانہ کے مطابق رمضان ریلیف پیکج کے لیے مزید فنڈز ضرورت اور مالی گنجائش کے مطابق جاری کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔ آپریشنل اخراجات کے لیے ایک ارب روپے کے اجرا کی منظوری بھی دی گئی۔
اعلامیے کے مطابق مستحق خاندانوں کو ماہِ رمضان میں نقد مالی امداد فراہم کی جائے گی اور رقم براہ راست بینک اکاؤنٹس اور ڈیجیٹل والٹس کے ذریعے منتقل کی جائے گی تاکہ شفافیت کو یقینی بنایا جا سکے۔
اجلاس میں ای سی سی نے فنانس ڈویژن کو اخراجات کی مکمل تفصیلات فراہم کرنے کی ہدایت بھی کی۔ واضح رہے کہ وزارت تخفیف غربت و سماجی تحفظ نے اس مد میں 25 ارب روپے جاری کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔









