اسلاما آباد(نیوزڈیسک)پارلیمنٹ ہاوس میں سماء سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے وزیردفاع خواجہ آصف نے بھی بانی پی ٹی آئی سے ڈیل یا ڈھیل کی خبروں کی تردید کی اور کہا کہ بانی کو بیرون ملک یا بنی گالا منتقل کرنےکی کہیں کوئی گفتگو نہیں ہوئی، ممکن ہے سہولتوں کے حوالے سے بانی پی ٹی آئی کو اپروچ کیا گیا ہو۔
وزیردفاع نے کہا کہ مارکیٹ میں پراڈکٹ رکھنے کے لیے ڈیل کی افواہیں پھیلائی جاتی ہیں، اب اس پراڈکٹ کے پلے کچھ بھی نہیں رہ گیا ، ڈیل کی باتیں کر کے یہ اپنی دکان کھلی رکھنا چاہتے ہیں، ڈیل کی باتیں کر کے پی ٹی آئی نے لوگوں کو آسرا تو دینا ہے، ان لوگوں کو وطن عزیز ہے یا ایک شخص؟ وطن کو دوام ہے کسی بھی فرد واحد کو دوام نہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم یہاں سے چلیں جائیں گے مگر وطن تاقیامت قائم رہے گا، وزیراعلی خیبرپختونخوا کی نوکری خطرے میں ہے، وزیراعلی خیبرپختونخوا نے نوکری بچانے کے لیے رہائی فورس کا اعلان کیا، وزیراعلی کے نوکری پکی کرنے پر آپ کو اعتراض نہیں ہونا چاہئے، وزیراعلی کی اعلان کردہ رہائی فورس غیرآئینی اور غیرقانونی ہے۔
خواجہ آصف کا کہناتھا کہ کسی بھی قسم کی فورس کا قیام ریاست کا استحقاق ہے، وفاق کے علاوہ کوئی فورس بنانا کسی کا استحقاق نہیں، غزہ امن بورڈ کے اجلاس میں پاکستان کو منفرد مقام ملا، صدر ٹرمپ نے پاکستان کی سیاسی و عسکری قیادت کی تعریف کی، امریکی صدر پاک بھارت جنگ کا 60 سے 70 مرتبہ ذکر کرچکے۔
صدر ٹرمپ نے بین الاقوامی اجتماع میں پاک فوج کی طاقت کا اعتراف کیا،صدر ٹرمپ نے فیلڈ مارشل کی صلاحیتوں کا بھی اعتراف کیا ہے،وزیراعظم کی دانش کا اعتراف کیا جانا بھی بہت بڑی عزت ہے،وزیراعظم کا دورہ امریکا پاکستان کے حوالے سے بہت اچھا رہا،غزہ امن بورڈ اجلاس میں وعدے فلسطینیوں کو بسانے کے لیے ہوئے.
ان کا کہناتھاکہ اللہ نے چاہا تو غزہ پھر آباد ہوگا اور وہاں فلسطینی آباد ہوں گے ، فلسطینی ریاست وجود میں آئے گی ، اللہ رمضان میں ہماری کوششوں میں برکت ڈالے،فلسطینیوں کو سرخرو کرے،جنگ بندی کے باوجود 750 فلسطینی شہید ہوچکے ہیں ۔









