بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

اے آئی سمٹ سبکی میں تبدیل، شائننگ انڈیا کا بیانیہ احتجاج کی نذر

نئی دہلی(نیوز ڈیسک) ھارت میں منعقدہ مصنوعی ذہانت سمٹ تنازعات اور احتجاج کے باعث شدید تنقید کی زد میں آ گیا، جس کے بعد حکومتی سطح پر پیش کیے جانے والے ترقی اور شائننگ انڈیا کے بیانیے پر سوالات اٹھنے لگے ہیں۔ ناقدین کا کہنا ہے کہ انتظامی کمزوریوں اور سیاسی کشیدگی نے اس اہم ٹیکنالوجی ایونٹ کی سنجیدگی کو متاثر کیا۔ بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق سمٹ کے دوران انڈین یوتھ کانفرنس کے کارکنان نے احتجاج کرتے ہوئے اپنی قمیضیں اتار کر حکومت مخالف نعرے بازی کی۔ مظاہرین کا مؤقف تھا کہ امریکا کے ساتھ مبینہ تجارتی معاہدے میں قومی مفادات کو نظر انداز کیا گیا ہے اور اس کے ممکنہ اثرات معیشت، کسانوں اور نوجوانوں پر پڑ سکتے ہیں۔ انڈین یوتھ کانگریس کے صدر نے سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم کی پالیسیاں نوجوانوں میں بے چینی کو بڑھا رہی ہیں۔ ان کے مطابق نوجوانوں کا غصہ محض سیاسی نہیں بلکہ بے روزگاری اور معاشی غیر یقینی صورتحال کا نتیجہ ہے۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ امریکا کے ساتھ ہونے والی ممکنہ ڈیل کا فائدہ یکطرفہ طور پر امریکا کو ہوگا جبکہ بھارتی کسانوں اور عام شہریوں کو نقصان اٹھانا پڑ سکتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کے بعض فیصلے قومی مفاد کے بجائے مخصوص شخصیات کو فائدہ پہنچانے کے لیے کیے جا رہے ہیں۔