بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

حکومت ملک سے ہر قسم کی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہے،وزیراعظم

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف نے ضلع بنوں میں فتنتہ الخوارج کے دہشت گردوں کی جانب سے سیکیورٹی فورسز کے قافلے پر حملے کی شدید مذمت کی ہے۔

وزیراعظم نے حملے میں پاکستان فوج کے لیفٹیننٹ کرنل شہزادہ گل فراز اور سپاہی کرامت شاہ کی شہادت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے شہداء کی بلندیء درجات کی دعاء کی اور ان کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کیا۔

انہوں نے کہا کہ فتنتہ الخوارج کے مزموم عزائم ناکام بناتے ہوئے سیکیورٹی فورسز نے پانچ دہشت گردوں کو ہلاک کیا، جس کی پزیرائی کی جاتی ہے۔ وزیراعظم نے اس موقع پر واضح کیا کہ رمضان کے بابرکت مہینے میں دہشت گردی کی کوشش اس بات کا ثبوت ہے کہ دہشت گرد کا کوئی مذہب نہیں ہوتا۔

محمد شہباز شریف نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے شہر کو بڑے نقصان سے بچایا۔ انہوں نے مزید کہا کہ عزم استحکام کے ویژن کے تحت سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کے خلاف بڑی کامیابیاں حاصل کر رہی ہیں اور پوری قوم اس جنگ میں پاکستان کی افواج کے ساتھ کھڑی ہے۔

وزیراعظم نے یقین دہانی کرائی کہ حکومت ملک سے ہر قسم کی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہے۔