بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

نیویارک: ٹائمز اسکوائر میں باجماعت تراویح کے روح افزا مناظر وائرل

رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں امریکی شہر نیویارک کے مشہور علاقے ٹائمز اسکوائر میں باجماعت نمازِ تراویح کا اہتمام کیا گیا، جس کے روح پرور مناظر کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہیں۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق یہ پانچواں موقع ہے کہ ٹائمز اسکوائر میں مسلمانوں نے باجماعت تراویح ادا کی۔ اس موقع پر نیویارک کے مسلمان بڑی تعداد میں جمع ہوئے اور قرآن پاک کی تلاوت کو پوری یکسوئی اور روحانیت کے ساتھ سنا۔
منتظمین نے بتایا کہ تراویح سے قبل مغرب کی نماز اور افطار کا خصوصی انتظام کیا گیا تھا، اور تقریباً دو ہزار ضرورت مند افراد میں کھانا بھی تقسیم کیا گیا۔ اس موقع پر دیگر مذاہب سے تعلق رکھنے والے شہری بھی شامل ہوئے اور خیرسگالی کا مظاہرہ کیا۔
گذشتہ شب نیون لائٹس، ڈیجیٹل اسکرینز اور بلند و بالا اشتہارات کے درمیان سینکڑوں افراد نے روحانی ماحول میں نمازِ تراویح ادا کی، اور یہ اجتماع بین المذاہب ہم آہنگی اور اسلام کے پرامن پیغام کو اجاگر کرنے کا عملی مظہر تھا۔
اس دوران سیکیورٹی اور نظم و ضبط کے مکمل انتظامات کیے گئے، اور شرکا نے اس اقدام کو مثبت پیغام اور رمضان کی حقیقی روح کا عملی اظہار قرار دیا۔
ٹائمز اسکوائر جیسے مصروف اور عالمی شہرت یافتہ مقام پر باجماعت تراویح کا انعقاد دنیا بھر کے مسلمانوں نے تاریخی اور خوش آئند قدم قرار دیا، جس نے اسلاموفوبیا کے خلاف بھی ایک مضبوط پیغام دیا۔