بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

ایس آئی ایف سی کی بہترین سہولت کاری سے پاکستان میں سرمایہ کاروں کے اعتماد میں مسلسل اضافہ

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) اسپیشل انویسٹمنٹ فیسلی ٹیشن کونسل (ایس آئی ایف سی) کی بہترین سہولت کاری کے باعث پاکستان میں سرمایہ کاروں کے اعتماد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ حکومت اور ایس آئی ایف سی کی مؤثر پالیسیوں نے غیر ملکی سرمایہ کاری کے عمل کو سازگار بنانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے اعداد و شمار کے مطابق مالی سال 2025-26 کے پہلے سات ماہ کے دوران غیر ملکی سرمایہ کاری پر منافع کی ترسیلات 1.7 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں۔ رواں مالی سال کے انہی سات ماہ میں غیر ملکی کمپنیوں کی منافع واپسی میں 27.92 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

اعداد و شمار کے مطابق توانائی کے شعبے میں غیر ملکی کمپنیوں کی منافع واپسی 400.19 ملین ڈالر جبکہ مالیاتی شعبے میں 371.33 ملین ڈالر رہی۔ ملک وار جائزہ لیا جائے تو سب سے زیادہ منافع کی واپسی برطانیہ میں 442.76 ملین ڈالر اور چین میں 413.11 ملین ڈالر ریکارڈ کی گئی۔

ماہرین کے مطابق غیر ملکی کمپنیوں کی جانب سے منافع کی بڑھتی ہوئی واپسی پاکستان کی مستحکم معاشی رفتار اور سرمایہ کاری کے لیے بہتر ماحول پر عالمی سرمایہ کاروں کے اعتماد کا واضح ثبوت ہے۔ زرمبادلہ کے ذخائر میں بہتری اور کاروباری ماحول میں آسانیاں سرمایہ کاروں کے اعتماد کو مزید مضبوط کر رہی ہیں۔

ایس آئی ایف سی کے تعاون سے پاکستان پر غیر ملکی سرمایہ کاروں کا بڑھتا ہوا اعتماد معاشی استحکام کی علامت قرار دیا جا رہا ہے اور اسے ملکی معیشت کے لیے خوش آئند پیش رفت کہا جا رہا ہے۔