معروف اداکارہ اور ماڈل صوبر علی ایک بار پھر اپنے نئے فوٹو شوٹ کے باعث سوشل میڈیا پر توجہ کا مرکز بن گئیں، تاہم اس بار انہیں شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
صبور علی گزشتہ ایک دہائی سے شوبز انڈسٹری کا حصہ ہیں اور مداحوں کے سامنے ایک بااعتماد اور اسٹائلش شخصیت کے طور پر ابھری ہیں، وقت کے ساتھ ان کے انداز اور شخصیت میں واضح نکھار آیا ہے جسے مداحوں نے سراہا بھی ہے۔
حال ہی میں اداکارہ نے جامنی رنگ کی ساڑھی میں اپنی چند تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کیں، گلیمرس میک اپ اور منفرد انداز میں اوڑھے گئے پلّو کے ساتھ لی گئی تصاویر میں صبور علی پُراعتماد نظر آئیں، انہوں نے مختلف انداز میں پوز دیتے ہوئے تصاویر مداحوں کے ساتھ شیئر کیں۔
تاہم انٹرنیٹ صارفین کی بڑی تعداد نے ان کے اس لباس کو حد سے زیادہ بولڈ قرار دیا۔
کچھ صارفین نے ان کے فیشن انتخاب پر تنقید کرتے ہوئے نامناسب تبصرے کیے، ایک صارف نے لکھا کہ وہ ایسی ساڑھیوں کی شوقین ہیں، جبکہ دوسرے نے لباس کو غیر مناسب قرار دیا، بعض صارفین نے رمضان المبارک کے حوالے سے بھی تنقیدی رائے کا اظہار کیا۔
دوسری جانب صبور علی کے مداحوں کی ایک بڑی تعداد نے ان کے اعتماد اور فیشن سینس کو سراہتے ہوئے انہیں خوبصورت اور باوقار قرار دیا۔









