نئی دہلی (نیوز ڈیسک) عالمی تنہائی کا شکار بھارت امریکی توجہ حاصل کرنے کیلئے بے تاب دکھائی دیتا ہے، جس کی تازہ مثال امریکی سفیر کو حساس فوجی تنصیبات تک رسائی دینا ہے۔ معرکۂ حق میں ذلت آمیز شکست کے بعد بھارتی سفارت کاری شدید دباؤ کا شکار ہے جبکہ گودی میڈیا امریکی وفد کے دورے کو محض آپٹکس کیلئے استعمال کرنے میں مصروف ہے۔ دوسری جانب امریکہ اور بھارت کے تعلقات میں واضح سرد مہری برقرار ہے۔
بھارتی نشریاتی ادارہ این ڈی ٹی وی کے مطابق امریکی سفیر سرجیو گور اور امریکی انڈو پیسیفک کمانڈ کے کمانڈر ایڈمرل سیموئل جے پاپارو نے بھارتی فوج کے ویسٹرن کمانڈ ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا۔ رپورٹ کے مطابق وفد نے آپریشنل تیاریوں اور سیکیورٹی صورتحال پر تبادلۂ خیال کیا۔
عالمی ماہرین کے مطابق گودی میڈیا کی جانب سے امریکی سفیر کے دورے کو بڑھا چڑھا کر پیش کرنا ناکام اے آئی سمٹ سے توجہ ہٹانے اور امریکی خوشنودی حاصل کرنے کی کوشش ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ بھارتی خارجہ پالیسی اپنے دعوؤں کے برعکس امریکی مفادات کے آگے سرنگوں ہو چکی ہے۔
ماہرین کے مطابق پاکستان کی مؤثر ملٹری ڈپلومیسی اور فیلڈ مارشل کی عالمی سطح پر پذیرائی نے بھارت کو اضطراب میں مبتلا کر دیا ہے۔ اسی تناظر میں فرانسیسی صدر کے دورے کو نظرانداز کر کے امریکی سفیر کی غیر معمولی میڈیا تشہیر امریکی توجہ حاصل کرنے کا واضح ثبوت قرار دی جا رہی ہے۔









